ہندوستان ایف آئی ایچ پرولیگ مہم کا نیدر لینڈ کیخلاف آغاز کرے گا

   

نئی دہلی ۔ 4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ مہم کا آغاز آئندہ برس 18جنوری کو نیدر لینڈ کے خلاف مقابلہ سے کرے گی ۔ ایف آئی ایچ پرو لیگ سیزن 2 کے شیڈول کی تفصیلات جاری کردی گئی ہے جس میں ہندوستانی ٹیم 18اور 19جنوری کو نیدر لینڈر کے خلاف مقابلے کھیلے گی ۔ بعد ازاں ہندوستانی ٹیم 8اور 9فبروری کو بلجیم کی میزبانی کریگی جس کے بعد 22اور 23فبروری کو آسٹریلیا کے خلاف مقابلے ہوں گے ۔ گھریلو مقابلوں کے بعد ہندوستانی ٹیم بیرون مقابلوں کیلئے جرمنی روانہ ہوگی جہاں وہ 25 اور 26 اپریل کو میزبان ٹیم کے خلاف مقابلے کھیلنے کے بعد 2اور 3مئی کو برطانیہ کے خلاف مقابلے کھیلے گی ۔ بعد ازاں 23اور 24مئی کو نیوزی لینڈ کے خلاف گھریلو مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم ایکشن میں نظر آئے گی ۔ اس کے بعد 5 اور 6جون کو ہندوستانی ٹیم ارجنٹینا روانہ ہوگی ۔ ہندوستانی ٹیم پرو لیگ کے راؤنڈ رابن کے آخری مرحلے کے مقابلہ 13 اور 14جون کو اسپین کے خلاف کھیلے گی ۔ ہندوستان گھریلو میدانوں پر جملہ 8مقابلے کھیلے گی جس میں 6مقابلے جنوری اور فبروری میں منعقد ہوں گے جب کہ دو مقابلے مئی میں کھیلے جائیں گے ۔ ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ نے کامیابی کے عزائم ظاہر کئے ہیں ۔