ہندوستان بدستور دنیا کی سب سے کھلی معیشت

,

   

آتما نربھر بھارت کا مطلب دنیا کیلئے راستے بند کرنا نہیں ، مودی کا انڈیا گلوبل ویک سے خطاب

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے عالمی کمپنیوں کو راغب کرتے ہوئے آج کہاکہ اُن کی حکومت کی خود مکتفی انڈیا مہم کا مطلب دنیا کے لئے راستے بند کرنا نہیں ہے بلکہ ایشیاء کی تیسری بڑی معیشت بدستور سارے عالم کے لئے سب سے زیادہ کھلی ہے اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار و مسابقتی ماحول میں سرمایہ مشغول کرنے کی پیشکش کرتی ہے۔ انڈیا گلوبل ویک 2020 سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ آتما نربھر بھارت کا مطلب محض خود پر توجہ مرکوز کرنا یا دنیا کے لئے اپنے دروازے بند کرنا نہیں ہے۔ ہم خود کفیل بننے اور ازخود مواقع پیدا کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ ہم ایسی پالیسیاں بنائیں گے جو اثر پذیری اور مساوات اور ٹھوس پیشرفت کو فروغ دیں گی۔ 1979 ء کے بعد سے درپیش سب سے بڑے معاشی بحران کوویڈ ۔ 19 وباء کے بارے میں مودی نے کہاکہ ہماری حکومت نے سب سے مشقت طلب لاک ڈاؤن کو جھیلا ہے اور 20.97 لاکھ کروڑ روپئے کے اقتصادی راحتی پیاکیج کا اعلان کیا۔ اِس کے تحت فری راشن اور غریبوں کے لئے نقدی کا احاطہ کیا گیا۔ بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے لئے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ مودی نے ویڈیو لنک کے ذریعہ اپنے خطاب میں کہاکہ ہندوستان بدستور دنیا کی سب سے کھلی معیشت ہے۔ ہم تمام عالمی کمپنیوں کا سرخ قالین والا استقبال کرتے ہیں تاکہ وہ ہندوستان میں اپنے وجود کو مستحکم کرتے ہوئے تمام فریقوں کے لئے مفید ثابت ہوسکیں۔ بہت کم ممالک ایسی پیشکش کرتے ہیں جس طرح ہندوستان میں مواقع دستیاب ہیں۔ زراعت، دفاع اور خلاء جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔ ہم معیشت کو زیادہ سے زیادہ ثمرآور بنانے کوشاں ہیں جس میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم ہو اور مسابقت کا رجحان پیدا ہو۔

مودی آج میگا سولار پراجکٹ قوم کے نام معنون کرینگے
بھوپال : وزیراعظم نریندر مودی مدھیہ پردیش کے ریوا میں دنیا کے شمسی پراجکٹ میں شامل ریوا الٹرامیگا سولار پراجکٹ کو قوم کے نام معنون کریں گے ۔ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اس میگا سولار پراجکٹ کی نقاب کشائی ہوگی۔ ویڈیو کانفرنسنگ میں مدھیہ پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل لکھنو اور وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان بھوپال سے شامل ہوں گے ۔ نقاب کشائی پروگرام میں مرکزی وزیرمملکت(آزادانہ چارج) توانائی، نئی اور قابل تجدید توانائی کے آر کے سنگھ بھی پروگرام میں شامل ہوں گے ۔وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے 22دسمبر 2017کو اس پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ پراجکٹ کو تقریباً ڈھائی برس کے ریکارڈ وقت میں مکمل کرلیا گیا۔ پراجکٹ سے سستی بجلی کی پیدا وار ہورہی ہے ۔اس سے بڑی رقم کی بچت ہورہی ہے ۔ اس پروجیکٹ کو عالمی بینک کاقرض ریاستی حکومت کی ضمامنت کے بغیر کلین ٹکنالوجی فنڈ کے تحت سستی شرحوں پر دیا گیا ہے ۔