کوروناسفری پابندیوں میں 8اگست سے رعایت
نئی دہلی : برطانیہ نے ہندوستان کو ریڈلسٹ سے باہرکرتے ہوئے ہندوستانی مسافروں کے لئے کووڈ-19 سفری پابندیوں میں آٹھ اگست سے رعایت دینے کاجمعرات کواعلان کیا۔برطانیہ ہائی کمیشن نے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان سے انگلینڈ آنے والے مسافر گھریا آرام گاہ پر ہی دس روزکے کوارنٹائن میں رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ رضاکارانہ ٹیسٹ کے تحت کوارنٹائن کے پانچویں روز کووڈ کی جانچ کرواسکتے ہیں اوررپورٹ منفی آ نے پر وہ قرنطینہ سے آزاد ہوجائیں گے ۔ اس فیصلہ سے ہندوستان اب ریڈسے امبر لسٹ میں آجائے گا۔ اس فہرست میں آ نے والے دیگرممالک میں بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ آسٹریا، جرمنی، لاٹویا، ناروے ، رومانیہ، سلوواکیہ اور سلووینیا امبر سے گرین لسٹ میں آجائیں گے ۔ برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے پاکستان کو بین الاقوامی سفر کے لیے اپنی ‘ریڈ لسٹ’ میں رکھنے اور کووڈ 19 کی صورت حال زیادہ سنگین ہونے کے باوجود ہندوستان کو ‘امبر لسٹ’ میں ترقی دینے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔