ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا آج دوسرا ٹی 20

   

میلبورن، 30 اکتوبر (آئی اے این ایس) آسٹریلیا کے خلاف کل یہاں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم جمعرات کو میلبورن پہنچ گئی۔ دوسرا میچ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں جمعہ کوکھیلا جائے گا۔سوریا کمار یادو کی قیادت میں ٹیم انڈیا پانچ میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی، کیونکہ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ چہارشنبہ کوکینبرا میں بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ اس دوران ہندوستانی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں کیونکہ کپتان سوریا کمار یادو نے بیٹ کے ساتھ اچھی فارم حاصل کرلی ہے۔ بارش سے متاثرہ میچ میں انہوں نے ناقابلِ شکست 39 رنز بنائے، جب کہ اوپنر شبھمن گل بھی 37 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، جس کے بعد بارش نے کھیل روک دیا۔ ٹاس جیتنے کے بعد آسٹریلیا نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ابھشیک شرما نے ابتدائی دو اوورز میں تین چوکے لگا کر ہندوستان کو تیز آغاز فراہم کیا۔ دوسری جانب شبھمن گل نے بھی ناتھن ایلس کے خلاف چند خوبصورت شاٹس کھیلے، تاہم ایلس نے بعد میں ایک دھیمی گیند پر ابھشیک کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد سوریا کمار یادو نے اپنے مخصوص انداز میں ایک شاندار فلک شاٹ کے ذریعے چھکا لگا کر اپنی آمد کا اعلان کیا، لیکن کچھ ہی دیر بعد بارش نے ایک بار پھر کھیل میں خلل ڈال دیا۔ جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسے 18 اوور فی اننگزکردیا گیا۔ کھیل کے اس وقفے کے بعد، گل اور سوریا کمار دونوں نے رفتار تیزکی۔ خاص طور پر سوریا کمار نے اپنی خراب فارم کے سلسلے کو توڑتے ہوئے زبردست بیٹنگ کی۔ گل نے میتھیو کوہنیمن کے خلاف ایک خوبصورت سلاگ سویپ کھیلا، جب کہ سوریا کمار نے ناتھن ایلس کو لگاتار دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ہندوستان کا اس وقت اسکور 9.4 اوورز میں 97 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر تھا، اور وہ مضبوط اختتام کی طرف گامزن تھے کہ بارش دوبارہ شروع ہوگئی اور میچ قبل از وقت ختم کرنا پڑا۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعہ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل ہندوستان کو تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 2۔1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم سفید گیند کے ماہر کھلاڑی روہت شرما اور ویرات کوہلی نے ٹور کے اختتام پر اپنی فارم دوبارہ حاصل کرلی ۔دوسری جانب آسٹریلیا جس نے ونڈے سیریز اپنے نام کی ہے وہ ٹی20 سیریز میں یہاں سبقت بنانے کی کوشش کرے گی ۔میزبان اوپنر ہیڈ نے پہلے ہی کہا کہ آسٹریلیا جارحانہ کھیل کھیلے گی۔