معاشی ابتری اور استعمال میں مانگ میں گراوٹ کی اصل وجہ
حیدرآباد۔5نومبر(سیاست نیوز) ہندوستان میں جہاں ہر سال سونے کی طلب میں اضافہ ہوا کرتا تھا جاریہ سال اس میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ورلڈ گولڈ کونسل کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں سونے کی قیمت میں اضافہ کے سبب سونے کی خریدی کے رجحان میں کمی آنے لگی ہے ۔ جاریہ سال طلب 700 ٹن پر رک گئی جبکہ سال 2016 میں سونے کی قومی سطح پر طلب 666 ٹن تک تھی ۔ بتایاجاتا ہے کہ سونے کی طلب میں کمی کی بنیادی وجہ معاشی ابتری کے علاوہ شہریوں کے استعمال میں کمی تصور کی جا رہی ہے اور لوگ سونے میں سرمایہ کاری پر توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ سابق میں شہریوں کی پسندیدہ سرمایہ کاری سونے کی خریداری ہوا کرتی تھی لیکن اس رجحان میں حالیہ برسوں میں کمی رونما ہوئی ہے۔ ورلڈ گولڈ کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق سونے کی طلب میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور طلب میں گراوٹ صرافہ بازار کیلئے مشکل حالات کا سبب بن سکتی ہے۔ ہندستانی شہروں بالخصوص جنوبی ریاستوں میں سونے کی طلب میں چند برس قبل تک بھی اضافہ ریکارڈ کیا جاتا رہا ہے لیکن حالیہ برسوں میں طلب میں گراوٹ صرافہ بازار کو متفکر کرنے لگی ہے۔