ایشیا کے متعدد ممالک عوامی حقوق اور رعایتوں سے محروم : جاوید اختر
ممبئی ۔ 12 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مشہور نغمہ نگار جاوید اختر نے آج کہا کہ لوگوں کو اپنی رائے کے اظہار سے گریز نہیں کرنا چاہئے ۔ چاہے وہ حکومت کے خلاف کیوں نہ ہو ۔ جاوید اختر جو سماجی اور سیاسی مسائل پر اپنی رائے کے اظہار کے معاملے میں منہ پھٹ واقع ہوتے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اظہار خیال کی آمادی کو کسی بھی جمہوری سماج میں گھٹایا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے بیان کیا کہ اگر آپ کسی حکومت یا کسی شخص سے کچھ کہتے ہیں ضروری نہیں کہ وہ اسے پسند کرے ۔ اسی طرح میں یہ خیال نہیں کرسکتا کہ ایک حکومت جس پر نکتہ چینی کی جائے وہ اس پر خوشی محسوس کرے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے باوجود بھی لوگ بے دھڑک اپنی رائے دے دیتے ہیں اور بے تحاشہ اپنا شخصی اظہار بھی کردیتے ہیں ۔ اس استحقاق کو سمٹنا نہیں چاہئے اس لیے کہ جہاں آپ رہتے ہیں وہاں کا سماج غیر منصفانہ ہے اور وہاں اظہار خیال کی آزادی محدود ہے ۔ ’ انڈیا فلم پراجکٹ ‘ کے سیشن کے دوران انہوں نے سامعین کی جانب سے اظہار خیال کے تعلق سے کیے گئے سوالات کے جواب میں باتیں کہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ اپنے دل کی بات کہہ سکتے ہیں اس لیے آپ کو اپنے آپ کو خوش نصیب سمجھنا چاہئے کہ آپ ایسے ملک میں پیدا ہوئے ہیں جہاں کا نظام جمہوری ہے ۔ ایشیا کے دیگر ممالک میں لوگوں کو یہ رعایت اور یہ حقوق حاصل نہیں ہیں ۔