ہندوستان دنیا کا واحد ملک جہاں کثرت میں وحدت ہے

   

نارائن پیٹ کے سٹیزن کلب میں جماعت اسلامی کی عید ملاپ تقریب سے حامد محمد خان و دیگر کا خطاب

نارائن پیٹ ۔ 25 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دنیا کا سوپر پاور کہے جانے والے ملک امریکہ کا سچ آج آشکار ہو چکا ہے کہ وہ کس طرح سے دنیا کے وسائل پر قبضہ کرکے کمزور ممالک کا استحصال کرتا ہے ۔ ایک طرف امریکہ نے خودمختارملک ایران کے اعلیٰ قیادت کو شہید کیا تو دوسری طرف 165 معصوم بچیوں پر بھی حملہ کرتے ہوئے اُنہیں شہید کیا۔ اس کے برخلاف ایران نے یہ ثابت کردیا کہ عزم اور حوصلوں کے ساتھ بڑی سی بڑی طاقتوں کو جھکنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے ، اسی کا نتیجہ ہے کہ 48 کھنٹے کی مہلت دینے والے امریکہ نے اچانک اپنی بات سے مکر تے ہوئے 5 دن کیلئے اپنے منصوبہ کو پیچھے ڈالدیا۔ آج ہندوستان کیلئے موقع ہے کہ وہ سامنے آکر اپنا کردار پیش کرے اور امریکہ کی جابرانہ پالیسیوں کی کھلی مخالفت کرے۔ ان خیالات کا اظہار حامد محمد خان سکریٹری توسیع و استحکام جماعت اسلامی ہند نے نارائن پیٹ کے سٹیزن کلب میں منعقدہ عید میلاپ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ان کے علاوہ چٹم رام موہن ریڈی سابقہ رکن اسمبلی مکتھل، شیواکمار ریڈی سینئر قائد کانگریس پارٹی، جناب ناگوراو ناموجی سینئر قائد بی جے پی، محترمہ شویتا ستیہ نارائنا یادو چیئرپرسن بلدیہ نارائن پیٹ، جناب غیاث الدین قادری سجادہ درگا تقی بابا، سوامی شانتانند پروہیت فاؤنڈر شکتی پیٹھم، سدا شیوا ریڈی زرعی مارکیٹ کمیٹی چیئرمین کے علاؤہ سیاسی سماجی قائدین موجود تھے۔ حامد محمد خان نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں کثرت میں وحدت پائی جاتی ہے۔ عید میلاپ تقریب کے ذریعہ جماعت اسلامی ہند ملک کے طول و عرض میں ایکجہتی کا پیغام عام کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ عبد الواحد ایڈیٹر گیٹورائی نے اس موقع پر عیدالفطر، رمضان کے مقاصد اور تقویٰ کو قرآن مجید کی روشنی میں تلگو زبان میں سمجھایا۔ اجلاس سے سی پی آئی قائدین وینکٹ رام ریڈی، بی کاشی ناتھ، سدرشن ریڈی، سوامی شانتانن پروہیت، پاسٹر مسٹرامروتھم،عبد القادر ایم آئی ایم ، بی رامو نے اجلاس سے خطاب کیا۔ جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر کے راجکمار ریڈی چیئرمین بھیشما فاؤنڈیشن ،منصور علی ناظم ضلع شریمتی این منجولا گوڑ نائب صدر نشین بلدیہ ستہ نارائن یادو(بی جے پی)، بی رامو(سی پی آئی) نے شرکت کی۔ اجلاس کی کاروائی ارشد فیصل امیر مقامی نے سنبھالا، جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ عثمان عبیداللہ مجاہد صدیقی، احمد خان، حسن الدین پٹیل ، انور پاشاہ، ظہیر صوفی، حسین،پاشاہ، سیدمحبوب، عبدالخالق ، عبدالقادر سنڈکے ، تجمل حسین، طاہر پاشاہ، محمد ریاض کے علاؤہ دیگر موجود تھے۔ اجلاس کے بعد شرکاء کی شیر خورمہ سے تواضع کی گئی۔