ریاض،یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سعود ی عرب کے وزیر تجارت وسرمایہ کاری ماجد بن عبداللہ القسابی نے کہا ہے کہ ہندوستان سعودی عرب کا ایک انتہائی اہم تجارتی پارٹنر ہے اور دونوں ملکوں کے مابین اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کونسل معاہدہ پر دستخط ہوجانے کے بعد اب تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔یہاں جاری تین روزہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (ایف آئی آئی) کانفرنس کے کل اختتام سے قبل ہندوستانی میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سعودی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب ہندوستان کو تیل کی سپلائی کا سب سے اہم ملک ہے اور کونسل کے قیام کے بعد دونوں ملک مختلف شعبوں میں مزید تعاون کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مشرقی ایشیا’ وسطی ایشیا اور سعودی عرب کے لئے ایک بڑا پلیٹ فارم بن سکتا ہے ۔خیال رہے کہ ہندوستان دنیا میں تیل استعمال کرنے والا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے اور تیل کی اپنی ضرورت پورا کرنے کے لئے عراق کے بعد سب سے زیادہ تیل سعودی عرب سے ہی درآمد کرتا ہے ۔سعودی عرب نے مالی سال 2018-19میں ہندوستان کو 40.33ملین ٹن فروخت کیا تھا۔ ہندوستان سعودی عرب سے ہر ماہ تقریباً دو لاکھ ٹن ایل پی جی گیس بھی درآمد کرتا ہے ۔
