ریاض ( کے این واصف) ہندوستان ، سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے اور مملکت میں اس کے سفارت خانہ کا مقصد کونسل آف دی فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے ساتھ تعاون کو تقویت دیتا ہے ۔عرب نیوز کے مطابق اس مقصد کیلئے قصیم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ہیڈ کوارٹر میں ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ الاخباریہ کے مطابق اجلاس میں چیمبر کے سکریٹری جنرل محمد الحنایا اور سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے شرکت کی ۔ سفیر ہند نے کہا کہ ہندوستان اور مملکت کے درمیان تجارتی اور شراکت داری کا حجم امید افزاء اور پائیدار سرمایہ کاری کے مواقع دو طرفہ تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتے ہیں اور عالمی مسائل پر مشترکہ نقطہ نظر کی اہمیت کی تصدیق کرتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے مزید کراس بارڈر ٹریڈ کرنے کے قابل ہوں گے اور چیمبرز اور کمرشل کمیٹیوں کی جدید کاری اور ترقی کا عمل جاری رہے گا ۔ سعودی عرب کی وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹکنالوجی نے ہندوستان کے ساتھ ڈیجیٹلائزیشن اور الکٹرانک مینوفیکچرنگ پر تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں ۔ معاہدہ پر سعودی وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹکنالوجی عبداللہ المسواحہ اور ان کے ہندوستانی ہم منصب اشونی وشنو نیدستخط کئے ۔