ہندوستان سڈنی ٹسٹ میں بڑی کامیابی کی سمت گامزن

   

سڈنی۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار بیٹنگ کے بعد کلائی کے اسپنر کلدیپ یادو اور رویندر جڈیجہ کے جھٹکوں سے آسٹریلیا نے چوتھے ٹسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو بارش کی وجہ سے دن کا کھیل جلد ختم ہونے تک 236 رنز بنا کر اپنے چھ وکٹ گنوا دیئے ۔آسٹریلیائی ٹیم اب بھی ہندستان کے اسکور سے 386 رنز پیچھے ہے اور اس کے صرف چار وکٹ باقی ہیں۔ چار میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر چکی مہمان ٹیم نے کل اپنی پہلی اننگز سات وکٹ پر 622 رنز بنا کر ختم کر دی تھی اور فی الحال میچ مکمل طور پر اس کے قابو میں ہے ۔ ہندستانی اسپنروں کا جلوہ رہا جنہوں نے آسٹریلیا کی رنز کی رفتار کو قابو میں رکھا۔ چائنامین بولر کلدیپ نے میچ میں اپنے نقوش چھوڑتے ہوئے24 اوورکی بولنگ میں 71 رنز دے کر سب سے زیادہ تین وکٹ لے جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر جڈیجہ نے اپنی شاندار بیٹنگ کے بعد بہترین بولنگ بھی کی اور27.3 اوور میں62 رنز پر دو وکٹ لئے ۔ فاسٹ بولر محمد سمیع کو16 اوور میں54 رنز پر ایک وکٹ ملا جبکہ جسپریت بمراہ نے16 اوور میں43 رنز دیئے لیکن کوئی وکٹ نہیں لے سکے ۔آسٹریلیا کے لئے میچ کا تیسرا دن کافی مایوس کن رہا اور صرف مارکس ہیرس 79 رنز کی نصف سنچری اسکور کی ۔ بارش کی وجہ سے میچ میں وقت سے پہلے کھیل ختمکروانا پڑا، اس وقت تک پیٹر ہیڈاسکوب28 رنز اور پیٹ کمنز25 رنز بنا کر کریز پر تھے ۔اس سے پہلے صبح میزبان ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز بغیر کسی نقصان کے کل کے24 رنز سے آگے شروع کیا تھا۔ اس کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین ہیرس نے19 رنز اور عثمان خواجہ نے پانچ رنز سے اننگز کو آگے بڑھایا اور پہلے وکٹ کے لئے72 رنز کی ساجھے داری کی۔ جڈیجہ نے خواجہ کو چتیشور پجارا کے ہاتھوں کیچ کرواکر ہندستان کو 22 ویں اوور میں پہلا وکٹ دلا دیا۔ خواجہ نے71 گیندوں کی اننگز میں تین چوکے لگا کر27 رنز بنائے ۔اوپنر ہیرس نے 120 گیندوں میں آٹھ چوکے لگا کر79 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی اور دن کے کھیل کے اختتام تک وہ آسٹریلیائی اننگز میں بہترین اسکورر ثابت ہوئے ۔ ہیرس کو جڈیجہ نے بولڈکرتے ہوئے میزبان ٹیم کا اہم وکٹ لیا۔ اس کے بعد آسٹریلیا نے بہت تیزی سے وکٹ گنوائے اور چائے کے وقفہ تک 198 رن جوڑ کر اس کے پانچ وکٹ گر گئے ۔اچھی شروعات کے بعد آسٹریلیائی ٹیم تال کھو بیٹھی اور میچ کے آخری دو سیشنز میں ہندستانی بولر پوری طرح حاوی رہے ۔ شان مارش آٹھ رنز بنا کر جڈیجہ کی گیند پر اجنکیا رہانے کو کیچ دے بیٹھے جبکہ سمیع نے آسٹریلیا کے نئے نمبر تین بیٹسمین مارنس لابچاگے(38) کو رہانے کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ لابچاگے نے95 گیندوں میں سات چوکے لگا کر38 رنز بنائے جو دن کی دوسری بڑی اننگز رہی۔ اس کے بعد پیٹر ہیڈاسکوب اور ٹریوس ہیڈ نے پانچویں وکٹ کے لئے40 رنز کی ساجھے داری کر بورڈ پر کچھ رن جوڑے لیکن چائے کے وقفہ سے ٹھیک پہلے کلدیپ نے اپنی گیند پر ہیڈ کو کیچ کر آسٹریلیا کی آدھی ٹیم کو پویلین بھیج دیا۔ میزبان ٹیم کے کپتان ٹم پین بھی کلدیپ کا شکار بنے اور چائے کے بعد جلد ہی انہوں نے اپنا وکٹ گنوا دیا۔ انہوں نے 14 گیندوں میں ایک چوکا لگایا اور صرف پانچ رن ہی بنا سکے ۔ اس سے پہلے تک اسکوب نے 91 گیندوں میں تین چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 28 رن بنا لئے ہیں جبکہ کمنز نے 41 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 25 رنز بنائے ہیں۔ دونوں نے ساتویں وکٹ کیلئے 38 رنزجوڑے ہیں۔