ہندوستان عالمی آلات کیلئے دیسی ٹیکنالوجی کے عہد کا پابند

,

   

5 ٹریلین ڈالر کی قومی معیشت بنانے میں اختراعی صنعت کا کلیدی رول : وزیراعظم مودی

چینائی 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کے تدریجی و اختراعی نظام و ماحول کی ستائش کرتے ہوئے پیر کو کہاکہ یہ ملک بین الاقوامی آلات و اوزار کے لئے دیسی ٹیکنالوجی تیار کرنے کے عہد کا پابند ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسکولوں سے اعلیٰ تعلیم اور ریسرچ کی سطح تک ایک ایسا ماحول بنایا جارہا ہے کہ یہ ایجاد و اختراع کا ایک ذریعہ بن سکے جبکہ یہ ملک اُبھرتے ہوئے ہنر مندوں کے لئے اختراع و ایجاد کے معاملہ میں دنیا کے تین سرکردہ ممالک میں ایک ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان اب 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے جارہا ہے۔ اس ضمن میں ایجاد و اختراع کے ساتھ صنعتکاری کا کلیدی رول رہے گا۔ وزیراعظم مودی آئی آئی ٹی مدراس ریسرچ پارک پر سنگاپور ۔ انڈیا ہیکاتھن 2019 ایوارڈس تقسیم کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ ’دو اہم اور بڑی وجوہات کی بناء پر ہم اختراع و صنعتکاری کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ ایک (وجہ) یہ ہے کہ زندگی کو آسان بنانے ہندوستان کے مسائل کو حل کرنے ہم آسان ٹیکنالوجی چاہتے ہیں‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’دوسری بڑی وجہ یہ ہے کہ ہندوستان میں ہم ساری دنیا کے مختلف مسائل حل کرنے کیلئے ٹیکنالوجی تیار کرنا چاہتے ہیں۔ عالمی آلات و اوزار کے لئے ہندوستانی ٹیکنالوجی فراہم ہوسکے۔ یہ ہمارا عہد ہے اور یہی ہمارا مقصد بھی ہے‘۔ اس شعبہ میں اہم کارنامے انجام دینے والے شرکاء کی ستائش کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ بالخصوص ’کیمرے‘ سے متعلق ایک اختراعی پیشکش سے کافی متاثر ہوا ہوں۔ کیوں کہ اس کے ذریعہ یہ پتہ چلایا جاسکتا ہے کہ کیمرہ میں کوئی توجہ مرکوز کررہا ہے‘۔ انھوں نے برجستہ کہاکہ ’تب کیا ہوگا جب یہ ایوان میں جب مَیں اپنے اسپیکر (اوم برلا) سے بات کروں گا۔ اور مجھے یقین ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کے لئے یہ کافی کارآمد ہوگا‘۔ ان کے ریمارکس پر سامعین نے زور دار قہقہہ لگایا اور اجتماع زعفران زار ہوگیا۔