ہندوستان عالمی غذائی تحفظ کیلئے امید کی کرن:نریندر مودی

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ زراعت کے شعبے میں ہندوستان کا تنوع ملک کو دنیا کی غذائی تحفظ کے لئے امید کی کرن ہے ۔مودی نئی دہلی میں منعقدہ زرعی اقتصادی ماہرین کی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کر رہے تھے ۔ ہندوستان میں 65 سال بعد اس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ اس سات روزہ کانفرنس میں دنیا بھر سے 1000 سے زائد مندوبین شرکت کر رہے ہیں جن میں 40 فیصد سے زائد خواتین مندوبین ہیں۔ وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے بھی افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا اور کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت والی حکومت کی پہل کی وجہ سے آج ہندوستان میں زرعی شعبے کی ترقی کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے اورہندوستان زرعی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ انسانی اورزمین کی صحت پر بھی توجہ دے رہا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے اپنی افتتاحی تقریر میں کہا کہ 65 سال قبل جب ہندوستان نے میسور میں اس کانفرنس کا انعقاد کیا تھا تو اس وقت ہندوستان کا غذائی تحفظ دنیا کے لیے تشویش کا باعث تھا آج ہندوستان دنیا کے غذائی تحفظ کو لے کر فکر مند ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہندوستان دنیا میں دودھ، دالوں اور مسالوں کا سب سے بڑا پیدا کرنے والا ملک ہے ۔