دنیا کے جنوب کے ممالک کی آواز کو بلند کرنا ہمارا مقصد ۔ G-20 کی صدارت کو بروئے کار لائیں گے
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک کے فورم وائس آف گلوبل ساؤتھ سمٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان جنوبی ممالک کی آواز عالمی پلیٹ فارمز پر اٹھا رہے گا۔جی- 20 ممالک کے گروپ کے صدر کے طور پر ہندوستان کی جانب سے منعقد اس دو روزہ آن لائن کانفرنس میں 120 ممالک کو مدعو کیا گیا ہے ۔ اس دوران نصف درجن سے زائد وزارتی سطح کے اجلاس ہوں گے جس میں تعلیم، صحت سے لے کر عالمی اداروں میں اصلاحات تک کے ایجنڈے پر بات کی جائے گی۔ اس کا مقصد ترقی پذیر ممالک کے تحفظات اور ترجیحات کو جی20 کے ایجنڈے میں شامل کرنا ہے ۔وزیر اعظم مودی نے افتتاحی اجلاس میں کہا کہ ہندوستان کا مقصد جنوب کی آواز کو بلند کرنا ہے اور اس کی آواز ہندوستان کی آواز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ ہی دنیا کے جنوب کے ممالک کے اپنے بھائیوں کے ساتھ اپنے ترقیاتی تجربات کوشیئر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترقیاتی شراکت داریوں میں دنیا کے ہر خطے کے ممالک اور مختلف موضوعات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے اس سال جی20 گروپ کی صدارت سنبھالی ہے اور ہندوستان کا مقصد جنوب کی آواز کو بلند کرنا ہے ۔ مودی نے کہا کہ آج دنیا کو درپیش مسائل کے لئے دنیا کے جنوبی ممالک (ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک)ذمہ دار نہیں ہیں، لیکن ان کے سب سے زیادہ بدترین نتائج انہیں بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ اس سلسلے میں، انہوں نے یورپ میں کوو ڈ 19 کی وبا، آب و ہوا کی تبدیلی، دہشت گردی اور جنگوں جیسے واقعات کے اثرات کا ذکر کیا۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک نے نوآبادیاتی نظام کے خلاف جدوجہد میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور آج پھر سے ایک نئے عالمی نظام کی تعمیر کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں جو ہمارے شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے ۔جنوب کے ممالک کو ہندوستان کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کی ترجیحات ہندوستان کی ترجیحات ہیں۔اپنے مختصر خطاب میں مودی نے نئے نظام کے تحت ترقی پذیر ممالک کے مسائل کے آسان حل تلاش کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ حل ایسا ہونا چاہیے کہ جس میں ضرورت کے حساب سے توسیع کی جاسکے ۔انہوں نے دنیا کے مسائل کے حل کے لیے ممالک کی صلاحیت کے مطابق مشترکہ ذمہ داری کے تعین کے اصول کو اپنانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے عالمی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
مودی آج دنیا کے سب سے طویل کروز کا افتتاح کرینگے
نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ وارانسی میں دنیا کے سب سے طویل ندی کروز ایم وی گنگا ولاس (MV Ganga Vilas) کا آغاز کریں گے اور ٹینٹ سٹی کا افتتاح کریں گے۔ اس تقریب کے دوران وہ 1000 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے اندرون ملک آبی گزرگاہوں کے کئی دیگر پروجیکٹوں کا افتتاح اور بنیاد رکھیں گے۔50 دنوں میں غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ لگژری کروز ہندوستان میں تقریباً 3,200 کلومیٹر کے 27 دریائی نظاموں کا احاطہ کرے گا، جس میں گنگا۔بھگیرتھی۔ہوگلی، برہما پترا، اور مغربی ساحلی نہر شامل ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ دنیا کا ایک منفرد کروز ہوگا اور ہندوستان میں بڑھتے ہوئے کروز ٹورازم کا عکاس ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کروز کا افتتاحی سفر 13 جنوری کو ہوگا۔یہ کروز 50 بڑے سیاحتی مقامات کا دورہ کرے گا۔ رپورٹ میں حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ کروز سروس کی منصوبہ بندی میں ہندوستان۔بنگلہ دیش پروٹوکول روٹ کی ترقی اہم ہے۔ان لینڈ واٹر ویز اتھارٹی آف انڈیا (IWAI) کے ایک اہلکار نے کہا کہ ہماری تہذیب دریاؤں کے کنارے پروان چڑھی، اس لیے دریا کی سیر کرنے والے سیاحوں کو ہماری ثقافت اور ورثے کے بارے میں بہتر تجربہ کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔