نئی دہلی ۔ 28 مارچ (یو این آئی) وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ مغربی ایشیا میں ایک ماہ سے جنگ جاری ہے اور ہندوستان اپنے شہریوں کے اعتماد کے ساتھ اس بحران کا پوری طاقت سے مقابلہ کر رہا ہے۔مودی نے عالمی بحران کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ میں ریاست اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ ایسے بحران کے وقت ایسی باتوں سے پرہیز کریں جو ملک کے لیے نقصان دہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہندوستان اور ہندوستانیوں کے مفاد میں ہے، وہی حکومتِ ہند کی پالیسی اور حکمتِ عملی ہے۔ سیاست کے لیے غلط بیانات دینے والے شاید وقتی فائدہ حاصل کر لیں، لیکن ملک کو نقصان پہنچانے والی حرکتوں کو عوام کبھی معاف نہیں کرتی۔ وزیرِ اعظم نے تقریباً 11,200 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پہلے مرحلے اور کارگو ہب کا افتتاح کرنے کے بعد جیور میں ایک تقریب سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا پریشان ہے، مغربی ایشیا میں ایک ماہ سے جنگ جاری ہے۔ اس جنگ کی وجہ سے کئی ممالک میں خوراک، ڈیزل اور کھاد کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔مودی نے کہا کہ ہر ملک اس بحران سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ہندوستان اپنے شہریوں کی طاقت کے بل پر اس کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے۔