حیدرآباد: وزیرخارجہ ایس جئے شنکر نے کہا ہے کہ ہندوستان میں آئندہ مالی سال میں دوہری اعداد کی ترقی کی توقع ہے ۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا ہماری توقع ہے کہ آنے والے سال میں دوہرے عدد، 11فیصد زائد ترقی ہوگی۔مستقبل کی کیاسمت ہوگی اس کا خلاصہ بجٹ میں کیاگیا ہے ۔انہوں نے نشاندہی کی کہ ہندوستان کوویڈوبا اور معاشی سست روی سے ابھررہا ہے ۔انہوں نے مالی سال 2021-22میں مجموعی گھریلو پیداوار(جی ڈی پی) میں 11فیصد اضافہ کی پیش گوئی کی۔وزیر نے کہا کہ مرکزی بجٹ سے تیاری کے شعبہ (مینوفیکچر سکٹر)کو فروغ حاصل ہوگااورانسانی وسائل کی مناسب ترقی ہوسکے گی۔اے پی کے وجئے واڑہ میں بی جے پی کے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر نے کہاکہ ہندوستانی حکومت نے کوویڈ کی وبا سے بہتر اور مناسب طور سے نمٹا ہے اور تقریبا40لاکھ ہندوستانیوں کو ملک واپس لایاگیا جن میں 2.9لاکھ تلگو عوام ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجٹ میں نگہداشت صحت کے شعبہ کو اہمیت دی گئی ہے اور عوام کی بہتری پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات اسی طرح رہیں گے جس طرح ٹرمپ کے دور میں تھے ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت بیرونی ممالک میں مایوسی اور پریشانی کے شکار ہندوستانیون کی مدد کے لئے تمام اقدامات کررہی ہے ۔جئے شنکر نے چین کے ساتھ لداخ کے علاوہ میں جاری سرحدی تنازعہ کے مسئلہ پر کہا کہ ہندوستانی کمانڈرس کی چین کے ساتھ 9دور کی بات چیت گذشتہ ایک سال کے دوران ہوئی اوریہ بات چیت مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔