نئی دہلی، 30 جنوری (یواین آئی) مہنگی ٹیک مصنوعات تیار کرنے والی امریکی کمپنی ایپل کی آمدنی 27 دسمبر 2025 کو ختم ہونے والی پہلی سہ ماہی میں سالانہ 15 فیصد اضافے کے ساتھ نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جس میں ہندوستانی مارکیٹ میں آئی فون سے ریکارڈ سہ ماہی آمدنی بھی شامل ہے ۔ سہ ماہی کے دوران کمپنی کی مجموعی آمدنی 15.65 فیصد بڑھ کر ریکارڈ 143.76 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس میں آئی فون کی آمدنی 85.27 ارب ڈالر، میک کی 8.39 ارب ڈالر اور آئی پیڈ سے 8.6 ارب ڈالر درج کی گئی۔ بقیہ حصہ ویئریبلز کا رہا۔ ان مصنوعات کی سروسنگ سے کمپنی کو 30.01 ارب ڈالر کی کمائی ہوئی۔ ایپل کو سہ ماہی میں 42.1 ارب ڈالر کا خالص منافع حاصل ہوا، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 15.87 فیصد زیادہ ہے ۔ ایپل کے چیف فنانشل آفیسر کیون پاریکھ نے بتایا کہ ہندوستان میں پہلے سے موجود صارفین سے بھی آمدنی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی فون 17 کی وجہ سے سال بہ سال آئی فون کی آمدنی میں 23 فیصد اضافہ ہوا۔