نئی دہلی: سرسیدکی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا ہے کہ ہندوستان میں آکسفورڈ اور کیمیبرج یونیورسٹی جیسے معیاری تعلیم کے قیام کی سخت ضرورت ہے ۔یہ بات انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی الومنی ایسوسی ایشن کی طرف سے گزشتہ دنوں قطر کے دوحہ میں منعقدہ سرسید ڈے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے تعلیم کے میدان میں سرسید احمد خاں کے ناقابل فراموش اور عظیم کام کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے تعلیم کے ہمہ جہت پہلو کا احاطہ کرتے ہوئے تعلیم کے کارواں کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے ہندوستان میں کیمبرج اور آکسفورڈ کالج کی طرح معیاری تعلیم گاہوں کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہاکہ یہاں ایسی تعلیمی اداروں اور کالجوں اور یونیورسٹی کی سخت ضرورت ہے تاکہ یہاں بھی معیاری تعلیم سب کے لئے آسانی سے مہیا ہوسکیں۔ مہمان خصوصی مسٹر سسودیا نے اے ایم یو الومنی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ان گروپوں نے یونیورسٹی میں ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کی دل کھول کر حمایت اور تعاون کیا۔