نئی دہلی ۔ ہندوستان کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر نے انگلینڈ کے بین اسٹوکس کو دنیا کا نمبر ون آل راؤنڈر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ان کا موازنہ ہندوستان کے کسی بھی کرکٹر سے نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ گمبھیر نے اسٹار اسپورٹس شو کرکٹ کنکٹڈ میں اسٹوکس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ فی الحال اسٹوکس کے ساتھ ہندوستان میں کسی کا موازنہ نہیں کرسکتے ہیں۔ کیوں کہ اسٹوکس کی اپنی الگ سطح ہے ۔ انہوں نے ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں جو کچھ کیا مجھے نہیں لگتا کہ کسی اور نے یہ کیا ہے ۔ ہندستان کو چھوڑ دیں اس وقت عالمی کرکٹ میں کوئی بھی کھلاڑی ایسا نہیں ہے جو ان کے آس پاس موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر کپتان کا خواب ہوتا ہے کہ اسٹوکس جیسا کھلاڑی اس کی ٹیم میں ہو خواہ بیٹنگ ہو ، بولنگ ہو یا فیلڈنگ، اسٹوکس ہر شعبے میں قائد ہیں۔ لیڈر بننے کے لئے آپ کو واقعی قائد کہلانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ آپ کو کپتان بننے کے لئے کپتان کہنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ آپ اپنی کارکردگی سے قائد بھی بن سکتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ بہت سارے ایسے کھلاڑی ہوں گے جو اسٹوکس کی طرح بننا چاہیں گے لیکن بدقسمتی سے اس وقت ورلڈ کرکٹ میں ان جیسا کوئی نہیں ہے۔
