ہندوستان میں ایل پی جی ،42 ہزار میٹرک ٹن گیس بردار جہاز کی آمد

   

نئی دہلی۔ 27 مارچ (ایجنسیز) ایل پی جی گیس کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت ’جگ وسنت‘ نامی گیس بردار جہاز کامیابی کے ساتھ گجرات کی کانڈلا بندرگاہ پر پہنچ گیا ہے۔ اس جہاز میں 42 ہزار میٹرک ٹن سے زائد مائع پٹرولیم گیس موجود ہے، جو ملک میں توانائی کی دستیابی کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔یہ جہاز آبنائے ہرمز کے راستے ہندوستان پہنچا، جہاں حالیہ دنوں میں عالمی سطح پر توانائی کی سپلائی کو لیکر غیر یقینی صورتحال دیکھی جا رہی ہے۔ ایسے وقت میں اس بڑی کھیپ کی آمد کو نہایت اہم مانا جا رہا ہے۔ بندرگاہ حکام کے مطابق اسی روز مڈ سی ٹرانسفر کے ذریعے گیس کو منتقل کیا جائے گا تاکہ جلد از جلد سپلائی کا عمل شروع ہو سکے۔مڈ سی ٹرانسفر ایک ایسا طریقہ کار ہے جس میں سمندر ہی میں جہاز سے گیس کو دوسرے نظام یا بندرگاہی سہولیات تک پہنچایا جاتا ہے۔ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوتی ہے بلکہ سپلائی کا عمل بھی تیزی سے آگے بڑھتا ہے، جس کا براہ راست فائدہ صارفین کو پہنچتا ہے۔اس بڑی مقدار میں ایل پی جی کی آمد ایسے وقت ہوئی ہے جب عالمی منڈی میں توانائی کی ترسیل میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کھیپ سے ملک میں گھریلو استعمال کیلئے گیس کی دستیابی مزید مستحکم ہوگی اور آئندہ دنوں میں سپلائی کا نظام بہتر انداز میں چلایا جا سکے گا۔