ہندوستان میں این آر سی سروے کروانے امیت شاہ کے اعلان کی مذمت

   

Ferty9 Clinic

مسلمانوں کو ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر زور ، تحریک مسلم شبان کی عید ملاپ تقریب ، محمد مشتاق ملک کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : عنبر پیٹ مسجد یکخانہ کی شہادت اور وہاں نماز پڑھنے پر پابندی قابل مذمت اقدام ہے ۔ حکومت تلنگانہ مسجد کی دوبارہ تعمیر اور تعمیر تک مسلمانوں کو نماز پڑھنے کے انتظامات کرے ۔ اس سلسلہ میں تحریک مسلم شبان جلد از جلد ایک کل جماعتی اجلاس دینی و ملی جماعتوں کا منعقد کرنے کا اعلان جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے شبان کی عید ملاپ تقریب جو صدر دفتر شبان واقع اعظم پورہ میں منعقد ہوئی ۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جناب محمد مشتاق ملک نے ملک کے موجودہ حالات اور سارے ملک میں این آر سی کروانے کے امیت شاہ وزیر داخلہ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سازش کا مقابلہ مسلمان کریں گے ۔ 70 سال کے بعد شہریت کا سروے کروانا کیا معنی ۔ جناب محمد مشتاق ملک نے واضح کہا کہ ملک میں مسلمانوں کو آر ایس ایس نظریہ اور سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔ مرکزی اور ریاستی حکومت اور گورنروں کے عہدوں پر آر ایس ایس سے وابستہ لوگ ہیں اور آر ایس ایس مسلمانوں کے ساتھ اس ملک میں شریعت محمدی کو ختم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے کیوں کہ آر ایس ایس مسلمانوں کو ملک کا حصہ اسی وقت تسلیم کرتی جب کہ مسلمان تہذیبی طور پر ہندو کلچر کا حصہ بن جائیں ۔ ہندو تہذیب و کلچر کو مسلط کرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے ۔ ہندوتہواروں کو ملک کی تہذیب اور کلچر کہا جارہا ہے جو ملک کی مشترکہ تہذیب اور تمدن پر کاری ضرب ہے ۔ صدر تحریک مسلم شبان نے تحریک کارکنوں اور بالخصوص مسلمانوں سے آر ایس ایس کے نظریہ کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی اپیل کی ۔ عید ملاپ تقریب میں آل انڈیا اصلاح معاشرہ کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا جس میں ملک کی تمام ملی ، مذہبی جماعتوں کو شامل کیا جائے گا ۔ شبان کے کارکنوں اور ہمدردوں کی کثیر تعداد کے ساتھ مفتی منظور ، جناب رحیم اللہ خاں نیازی ، جناب مسکین احمد سدی پیٹ ، جناب عبدالحکیم سنگاریڈی ، جناب محمد خلیل خاں ظہیر آباد ، مولانا دستگیر گجویل کے علاوہ جناب ایم اے غفار نائب صدر ، جناب صلاح الدین پرویز ، جناب خالد علی خاں قادری شبان نے شرکت کی ۔ شہر کے تمام ڈیویژن کے انچارج نے بھی شرکت کی ۔ حافظ و قاری عباس خاں کی قرات ، جناب عظمت اللہ جعفری ، جناب غفور ، جناب سید دستگیر نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ جناب مجاہد مشتاق نے کارروائی چلائی اور رپورٹ پیش کی ۔۔