نئی دہلی 11 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں بلٹ ٹرین کا خیال ممکن نہیں ہے اور یہ در اصل حکومت کا ایک فرضی اور جھوٹا وعدہ ہے ۔ ترنمول کانگریس نے آج یہ بات کہی ۔ لوک سبھا میں ریلویز کیلئے مطالبات زر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ترنمول کانگریس کے رکن سدیپ بندو پادھیائے نے کہا کہ بلٹ ٹرینوں کا ایک علیحدہ ڈھانچہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سرزمین پر یہ بوگس اور فرضی دعوی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پہلے ملک کے ریلوے برجس پر غور کرنا چاہئے جو 100 سال سے زیادہ قدیم ہیں۔ اس میں مسافرین کی سکیوریٹی اور سلامتی کا مسئلہ درپیش ہے ۔ بندوپادھیائے نے کہا کہ ملک کی ریلویز میں ڈرائیورس اور گینگ مین کی شدید قلت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گینگ مین کی خالی جائیدادوں کی تعداد دو لاکھ تک پہونچ گئی ہے اور ڈرائیورس کی بھی قلت ہے ۔ اس پر توجہ کی ضرورت ہے ۔