نئی دہلی 17 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) حقوق اطفال اداروں نے اِس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ ہندوستان میں بچوں کی فاقہ کشی میں افسوسناک اضافہ ہورہا ہے۔ عالمی فاقہ کشی اعداد و شمار میں ہندوستان کو 102 واں مقام حاصل ہے۔ سماجی شعبہ کے لئے خاص کر بچوں پر خرچ کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ مالیاتی تخصیص کی ضرورت ہے۔ ہندوستان کو اُن 117 ممالک میں 102 واں مقام حاصل ہے جہاں پر فاقہ کشی سے بچے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔ 2019 ء کے عالمی فاقہ کشی اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے۔ 2018 ء میں ہندوستان 119 ممالک میں 103 ویں مقام پر تھا اور 2000 ء میں 113 ممالک میں 83 ویں مقام پر تھا۔ بچوں کی نگہداشت اور اُن کی بہتر طریقہ سے پرورش کرنا ضروری ہے۔ ملک میں بچوں کی بڑی تعداد تغذیہ بخش غذاؤں سے محروم ہے۔ اِس کا اظہار ہندوستان کی قومی مردم شماری سروے میں بھی کیا گیا ہے۔ اگرچیکہ تغذیہ بخش غذاؤں کی فراہمی کے باعث فاقہ کشی کے واقعات میں کمی آئی ہے لیکن جو بھی شرح پائی جاتی ہے وہ تشویشناک ہے۔ حقوق اطفال کے اداروں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کے لئے خصوصی فنڈس مختص کریں۔