ہندوستان میں جملہ 451 ملین انٹرنیٹ استعمال کنندگان

   

۔67 فیصد مرد بقیہ خواتین، 36 فیصد آبادی تک انٹرنیٹ کی رسائی
نئی دہلی ۔ 28 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے جملہ 451 ملین ماہانہ سرگرم انٹرنیٹ استعمال کنندگان میں تقریباً 67 فیصد مرد ہیں۔ انٹرنیٹ اور موبائیل اسوسی ایشن آف انڈیا (آئی اے ایم اے آئی) کی حالیہ رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ انٹرنیٹ کے استعمال کے لحاظ سے ہندوستان ، چین کے بعد دوسرا ملک ہے جہاں انٹرنیٹ کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی انٹرنیٹ کی رسائی ہندوستان کے صرف 36 فیصد حصے تک محدود ہے ۔ مذکورہ رپورٹ میں کہا گیا کہ انٹرنیٹ کے فروغ کے لئے ابھی بہت گنجائش پائی جاتی ہے ۔ مذکورہ رپورٹ جس کا عنوان ’’سال 2019 ء میں ہندوستانی انٹرنیٹ‘‘ ہے ، میں بتایا گیا کہ دہی علاقوں میں انٹرنیٹ کے لحاظ سے وسیع صنفی تفاوت پایا جاتا ہے ۔ شہری علاقوں کے انٹرنیٹ کے 62 فیصد استعمال کنندگان مرد ہیں اور دیہی علاقوں میں یہ اوسط 72 فیصد تک پہنچ جاتا ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیرالا ، ٹاملناڈو اور دہلی میں خوا تین انٹرنیٹ کنندگان کا تناسب زیادہ ہے ۔ 451 سرگرم انٹرنیٹ کے استعمال کنندگان میں 385 ملین کی عمریں 12 سال سے زیادہ ہے اور 66 فیصد کی عمریں 5 سے 11 سال ہے۔ قومی صدر مقام کے علاقہ دہلی میں سب سے زیادہ لوگ انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ اس کے بعد بالترتیب کیرالا ، ہریانہ ، ہماچل پردیش اور پنجاب کا مقام آتا ہے ۔ ہندوستان میں ایک تہائی انٹرنیٹ استعمال کنندگان کو شہری علاقوں میں ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہے ۔ اس کے برعکس دیہی علاقوں میں اتنی ہی تعداد کو 15 تا 30 تک رسائی حاصل ہے ۔ اس تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہندوستان میں انٹرنیٹ کے دو تہائی استعمال کنندگان کی عمریں 12 تا 29 سال ہے۔