آسٹریلیا میں ڈاک ٹکٹ پر باحجاب خاتون ڈاکٹر کی تصویر کے ذریعہ خراج تحسین
حیدرآباد۔13فروری(سیاست نیوز) ہندستان میں جہاں حجاب کے معاملہ میں تنازعہ کو ہوا دیتے ہوئے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی جا رہی تھی اسی وقت آسٹریلیاء میں محکمہ ڈاک کی جانب سے کورونا وائرس کے دور میں خدمات انجام دینے والے شعبہ ٔ جات سے جڑے لوگوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے پوسٹل اسٹامپ جاری کئے گئے اور 5علحدہ پوسٹل اسٹامپس میں ڈاکٹرس‘ طبی عملہ ‘ سوپر مارکٹ عملہ ‘ پولیس ‘ اساتذہ کے لئے پوسٹل اسٹامپ جاری کئے گئے اور ڈاکٹرس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جاری کئے گئے پوسٹل اسٹامپ پر ایک باحجاب ڈاکٹر موجود ہے جو ڈاکٹرس کی قیادت کر رہی ہے اور سر پر حجاب کے ساتھ گلے میں اسیتھسکوپ ڈالا ہوا ہے۔ ہندستانی ریاست کرناٹک میں حجاب کو متنازعہ بنانے کی جو کوشش کی جار ہی ہے اور اس کے ذریعہ جو منافرت پھیلائی جا رہی ہے اسی دور میں کسی اور ملک میں باحجاب خاتون ڈاکٹر کی تصویر ڈاکٹ ٹکٹ پر شائع کیا جانا مملکتی نظریات کو ظاہر کر تا ہے۔ ہندستان ایک کثیر مذہبی و کثیرلسانی مملکت ہے اور دستور ہند نے تمام ہندستانی کو اپنے مذہب وعقیدہ کے مطابق عمل کا اختیار دیا ہوا ہے لیکن اس کے باوجود حجاب پر اعتراض کرنے والوں کی جانب سے مختلف طریقوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ ہندستان میں حجاب پر تنازعہ اور آسٹریلیاء میں باحجاب خاتون ڈاکٹرکو ڈاک ٹکٹ پر پیش کئے جانے پر مختلف تبصرے کئے جا رہے ہیں اورباحجاب پروفیشنلس کی خدمات اور ان کے اپنے مذہبی لباس میں رہتے ہوئے ان خواتین کی خدمات کی سراہنا کی جا رہی ہے۔ طویل عرصہ تک حجاب کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ قراردیا جا تا رہا ہے لیکن جب باحجاب خواتین و لڑکیوں نے حجاب میں رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا شروع کیا تو اس کے بعد حجاب پر اعتراض کرنے والوں کے لئے کوئی بہانہ نہیں رہا اسی لئے اب حجاب بمقابلہ یونیفارم کو پیش کیا جا رہاہے جبکہ آسٹریلیاء میں ڈاک ٹکٹ پر جو باحجاب ڈاکٹر کی تصویر (آرٹ) موجود ہے اس میں ڈاکٹر اپنے یونیفارم کے ساتھ حجاب میں موجود ہے ۔وسط فروری 2022 کے دوران آسٹریلیائی محکمہ ڈاک کی جانب سے جاری کئے جانے والے ان 5 ڈاک ٹکٹ کے متعلق ایکزیکیٹیو جنرل منیجر آسٹریلیاء پوسٹ نیکول شیفیلڈ نے بتایا کہ سال 2020 سے عوام کی خدمات انجام دیتے ہوئے شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے علاوہ ان کی ضروریات کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرنے والوں کے اعزاز میں جاری کئے گئے ڈاکٹ ٹکٹس کو رابرٹ ایلائٹ نامی ڈیزائنر نے تیار کیا ہے اور ان میں ڈاکٹرس کو خراج پیش کرنے کے لئے تیار کئے گئے ڈاک ٹکٹ میں ایک باحجاب خاتون ڈاکٹر کو نمایاں رکھا گیا ہے۔م