نئی دہلی 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں کورونا وائرس (کوویڈ 19) کے انفیکشن کے مسلسل بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان اب تک دو لاکھ سے زائد متاثرین صحت مند ہوچکے ہیں اور گزشتہ دو دنوں میں مرنے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے ۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جمعہ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا انفیکشن کے 13,586 نئے کیسز آنے سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3,80,532 ہوگئی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 336 افراد مرچکے ہیں ۔جمعرات کو ان اموات کی تعداد 334 تھی جبکہ چہارشنبہ کے روز یہ تعداد 2003 تھی۔ اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 12,573 ہوگئی ہے ۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 1,63,248فعال کیسز موجود ہیں اور مزید 10,386مریضوں کے بازیاب ہونے کے ساتھ صحت مند لوگوں کی تعداد بڑھ کر 2,04,711ہوگئی ہے۔ کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹرا میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے 3752 کیسز درج کئے گئے اور 100 لوگوں کی موت ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1,20,504اور مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 5751ہوگئی ہے ۔ اس دوران ریاست میں 1672لوگ ٹھیک ہوئے ہیں جس کے بعد صحت مند افراد کی تعداد بڑھ کر 60,838ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے متاثر تملناڈو دوسرے نمبر پر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 52,334 پر پہنچ گئی ہے یہاں اب تک اس انفیکشن سے 625 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ ریاست میں 28,641مریضوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کیا جاچکا ہے ۔راجدھانی دہلی میں کورونا کی وجہ سے صورتحال مسلسل خراب ہورہی ہے یہاں کورونا متاثرین کی تعداد 50 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے اور یہ ملک میں تیسرے نمبر پر ہے ۔دہلی میں کورونا متاثرین کی تعداد 49,979 ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس انفکیشن سے 65افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1969 ہوگئی ہے جو مہاراشٹر کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔
راجدھانی میں 21,341 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ ملک کی مغربی ریاست گجرات متاثرہ کوویڈ 19کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے لیکن اموات کے لحاظ سے یہ مہاراشٹرا اور دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے ۔ گجرات میں اب تک 25,601افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 1591افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ریاست میں 17,819 افراد اس مرض سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا انفیکشن کے 15,181 معاملات درج ہوئے ہیں جن میں 465افراد لقمہ اجل بن چکے اور 9239 مریض صحت مند ہوئے ہیں۔راجستھان میں بھی کورونا کا قہر برپا ہے یہاں متاثرین کی تعداد 13,857 تک پہنچ چکی ہے ۔ اب تک 323 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 10,742 افراد پوری طرح سے صحت مند ہوئے ہیں۔مغربی بنگال کورونامتاثرین کی تعداد کے لحاظ سے آج مدھیہ پردیش سے آگے نکل گیا ۔