نئی دہلی ۔12 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج کہا کہ رواں سال مارچ کے ختم تک ایلوپیتھی ، آیوروید ، یونانی اور ہومیوپیتھی طریقہ علاج میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی تعداد 19.47 لاکھ سے کچھ زائد رہی ۔ ان میں سے 11,59,309 ایلوپیتھی ڈاکٹرس ہیں جو اسٹیٹ میڈیکل کونسلس یا میڈیکل کونسل آف انڈیا کے پاس درج رجسٹر ہیں۔ 80 فیصد دستیابی کا اندازہ کرتے ہوئے یہ تخمینہ لگایا جاسکتا ہے کہ تقریباً 9.27 لاکھ ڈاکٹرس فی الواقعی سرویس کے لئے دستیاب ہیں ۔ وزیر صحت اور خاندانی بہبود ہرش وردھن نے لوک سبھا کو بتایا کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈاکٹر ۔ آبادی کا تناسب موجودہ آبادی کے تخمینہ 1.35 بلین کے اعتبار سے 1:1456 ہے ، جو عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او ) کے مقررہ قاعدہ 1:1000 سے کم تر ہے ۔