ہندوستان میں سرمایہ کاری کیلئے دوستانہ معاشی فضاء، ترقی کے وسیع تر مواقع

,

   

برکس بزنس فورم کی اختتامی تقریب سے وزیراعظم مودی کا خطاب، صدر برازیل اور صدر چین سے ثمرآور مذاکرات
برسلس۔14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے برکس بزنس لیڈرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ساری دنیا میں ایک دوستانہ معاشی فضاء رکھنے والا ملک ہے اور اس کی سرزمین وسیع تر سرمایہ کاری اور وسیع تر مواقع ہر ایک کے لیے کھلی ہوئی ہے۔ ہندوستان میں سرمایہ کاری کے لیے کوئی حد مقرر نہیں ہے۔ یہاں کامیابی کے امکانات قوی ہیں اور لاتعداد مواقع حاصل ہیں۔ برکس بزنس فورم کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ پانچ ممالک کا گروپ معاشی ترقی کی قیادت کررہا ہے جبکہ عالمی معاشی کساد بازاری کے باوجود یہ گروپ معاشی شعبوں میں پیشرفت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو دنیا بھر میں ایک کشادہ ماحول اور دوستانہ معاشی فضاء رکھنے کا موقف حاصل ہے۔ اس ملک میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع ہیں۔ سال 2024ء تک ہم ہندوستان کو ایک پانچ ٹریلین معیشت والا ملک بنانے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ یہاں انفراسٹرکچر کے لیے 1.5 ٹریلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ ہندستان میں سرمایہ کاری کی کوئی حد مقرر نہیں ہے اور لامحدود مواقع ہیں یہاں لامتناہی ترقیات کے مواقع حاصل ہیں۔ میں برکس ممالک کے تاجروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔ ساری دنیا میں معاشی سست روی کے باوجود ہندوستان دنیا کی بڑی معاشی ترقی والے ممالک میں شامل ہے اور عالمی معاشی پیداوار میں برکس ممالک کا حصہ 50 فیصد ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انٹر برکس بزنس کو آسان بنایا جارہا ہے تاکہ تجارتی مواقع حاصل ہوں اور سرمایہ کاری کی راہیں کشادہ ہوجائیں۔ وزیراعظم مودی سے اس کانفرنس کے موقع پر بوسلانرو سے ملاقات کی اور کہا کہ صدر برازیل سے مذاکرات ثمر آور رہے۔ دونوں قائدین نے کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

ہندوستان نے برکس ممالک کے ساتھ معاشی شعبوں میں باہمی تعاون پر زور دیا اور عوام سے عوام کے رابطہ کو فروغ دینے کی خواہش کی۔ وزیراعظم مودی نے 11 ویں برکس چوٹی کانفرنس کے موقع پر صدر برازیل سے ملاقات کی۔ دنیا کی پانچ بڑی معیشتوں کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات مضبوط ہیں۔ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک میکانزم پر کام کرنے کی جانب بھی غور و خوص کیا گیا۔ دونوں قائدین نے باہمی طور پر حاصل مواقع سے استفادہ کرتے ہوئے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا۔ باہمی اسٹراٹیجک پارٹنرشپ کو فروغ دینے کی ضرورت ظاہر کی گئی۔ مودی نے کہا کہ دونوں کی بات چیت ثمر آور رہی۔ وزیراعظم مودی نے صدر برازیل کو جمہوریہ 2020ء تقریب کے لیے مدعو کیا ہے جس پر صدر برازیل نے اس دعوت کو بخوشی قبول کیا۔ دونوں قائدین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک اپنی باہمی دوستی اور شراکت داری کو فروغ دیں گے۔ صدر برازیل نے مودی سے یہ بھی کہا کہ بہت جلد ایک تجارتی وفد ہندوستان کا دورہ کرے گا۔ وزیراعظم مودی نے صدر برازیل کی جانب سے ہندوستانی شہریوں کو مفت ویزا جاری کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ دونوں قائدین نے چار ماہ قبل ہی جی 20 چوٹی کانفرنس کے دوران اوسکا میں ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم مودی نے اس موقع پر صدر چین ژی پنگ سے بھی ملاقات کی۔ دونوں قائدین نے تجارتی اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے سے اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم مودی اور صدر چین ژی ژپنگ نے مختلف شعبوں پر بات چیت میں پیشرفت کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ خاص کر تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق معاملوں پر قریبی مذاکرات کو اہمیت دینے پر زور دیا۔ دونوں قائدین نے 11 اور 12 اکٹوبر کو چینائی کے قریب ایک ٹائون میں باہمی ملاقات کی تھی اور اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے سے اتفاق کیا تھا۔ خاص کر مشترکہ طور پر دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے زور دیا تھا۔ ژی ژپنگ نے وزیراعظم مودی سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے (مودی) چینائی میں ان کا شاندار استقبال کیا تھا۔