535 ملین یوزرس، یو ٹیوب 467 ملین کے ساتھ دوسرے نمبر پر
حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) ملک میں سوشل میڈیا کے استعمال کے معاملہ میں عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔ زندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جو سوشل میڈیا کا اسیر نہ ہو۔ کسی بھی مقام پر دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے ہوں کہ بوڑھے ہر کوئی وقت ملتے ہی اپنے آپ کو سوشل میڈیا پر مصروف کرلیتا ہے۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس کے استعمال میں واٹس ایپ کو دیگر پلیٹ فارمس پر سبقت حاصل ہے۔ واٹس ایپ کے ذریعہ نہ صرف خبریں حاصل کی جاتی ہیں بلکہ تجارتی اور نجی سرگرمیوں میں بھی یہ مددگار ثابت ہوتا ہے۔ حالیہ سروے کے مطابق ہندوستان میں واٹس ایپ کے 535 ملین یوزرس ہیں جبکہ یو ٹیوب 467 ملین یوزرس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ انسٹا گرام اور فیس بُک میں مسابقت ہے اور دونوں کے یوزرس علی الترتیب 362 ملین اور 314 ملین ریکارڈ کئے گئے۔ ٹیلی گرام کے یوزرس 200 ملین ہیں جبکہ X کے یوزرس کی تعداد 27 ملین درج کی گئی۔ سوشل میڈیا کے استعمال کے سلسلہ میں عوام کی ترجیحات کے اعتبار سے واٹس ایپ کو اولین ترجیح دی جارہی ہے جبکہ حالیہ عرصہ میں X کا استعمال صرف مخصوص شعبہ جات سے وابستہ افراد تک محدود ہوچکا ہے۔ موبائیل فون کے بڑھتے استعمال نے ہر شخص کو سوشل میڈیا کی طرف راغب کردیا ہے۔ مذہبی مقامات ہوں یا پھر تجارتی ادارے ہر عمر سے تعلق رکھنے والے افراد کو موبائیل فون میں سوشل میڈیا میں مصروف دیکھا جاتا ہے۔1