ہندوستان میں قاہرہ اور مصر کے طرز پر اوبر کمپنی کی بس خدمات

   

Ferty9 Clinic

آئندہ سال سے آغاز، پردیپ پرمیشورن کا خصوصی انٹرویو

حیدرآباد ۔ 7 اگسٹ (سیا ست نیوز) اب حکومت کو آر ٹی سی کو خانگیانے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی کیونکہ اگر خانگی بس خدمات کا آغاز کردیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں آر ٹی سی کی خدمات محدود ہوجائے گی اور آر ٹی سی کو از خود بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔خانگی حمل و نقل کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی اوبر کی جانب سے آئندہ برس کے دوران ہندستان میں بس خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ UBER ہندستان میں جاری اپنی تجارت کے فروغ کے منصوبہ میں بس خدمات کے آغاز کو شامل کیا ہے۔ مسٹر پردیپ پرمیشورن نے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران بتایا کہ UBERکی جانب سے ہندستان میں ائیر کنڈیشن بس خدمات کے آغاز کے سلسلہ میں حکمت عملی تیار کی جا چکی ہے اور منصوبہ کے مطابق اوبر ابتدائی طور پر ملک کی کچھ ریاستوں میں ہی ائیر کنڈیشن بس خدمات کے آغاز کے سلسلہ میں غور کر رہا ہے ۔ انہو ںنے واضح کیا کہ اوبر کے لئے بس خدمات کا آغاز اور فراہمی ہندستان میں تجرباتی اساس پر نہیں ہوگی بلکہ اوبر کی بسیں عوامی حمل و نقل کے لئے قاہرہ کے علاوہ مصر کے دیگر علاقوں میںخدمات انجام دے رہی ہیںاور اب ہندستان میں عوامی ذرائع حمل و نقل کے فروغ کے لئے اوبر کی جانب سے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس منصوبہ کے تحت صرف ائیر کنڈیشن بسوں کے ذریعہ خدمات کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ سال 2015 میں اولا نے جو شٹل خدمات کی شروعات کی تھی اس میں ناکامی کے بعد OLA نے شٹل خدمات یعنی بس سروس کو بند کردیا تھا

لیکن اوبر کی جانب سے OLA کی ناکامی کی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے اپنے طور پر بس خدمات کے آغاز کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ OLA اور UBER کی جانب سے ٹیکسی خدمات کے آغاز کے ساتھ ہی ملک کی مختلف ریاستوں میں ٹیکسی رانوں اور آٹو رکشا ڈرائیورس کی جانب سے احتجاج کرتے ہوئے ان خدمات کو باقاعدہ نہ بنانے اور انہیں اجازت نہ دینے کا مطالبہ کیا جاتا رہا لیکن ملک کی بیشتر تمام ریاستوں میں ان کمپنیوں نے بھاری سرمایہ کاری کرتے ہوئے اپنی خدمات کا آغاز کردیا اور اب بھی کئی ڈرائیورس اور کیاب مالکین کی جانب سے ان کمپنیوں کی خدمات کے خلاف متعدد شکایات کی جاتی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ان پر کوئی کاروائی نہیں ہوتی جس کی بنیادی وجہ ان کمپنیوں کی بھاری سرمایہ کاری ہے اور اب جبکہ UBERکی جانب سے ائیر کنڈیشن بس خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں منصوبہ تیار کیا جاچکا ہے اور آئندہ برس کے وسط میں ان خدمات کے آغاز کی حکمت عملی کو قطعیت دے دی گئی ہے تو خدشہ ہے کہ ملک کی جن ریاستوں میں یہ خدمات شروع کی جائیں گی ان ریاستوں میں سرکاری بس خدمات آر ٹی سی کو بھاری نقصان کا خدشہ ہے۔