حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد سے سی سی ٹی وی کیمرے پولسنگ کا ایک ضروری حصہ بن گئے ہیں ۔ جرائم کے تدارک اور ان کا پتہ لگانے کے لیے ان کیمروں کے وسیع تر استعمال سے ریاست تلنگانہ ملک میں سب سے زیادہ تعداد میں سی سی کیمرے نصب کرنے والی پہلی ریاست بن گئی ہے ۔ بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی جانب سے حال میں جاری ڈیٹا آن پولیس آرگنائزیشنس (DOPO) میں یہ بات کہی گئی ہے ۔ اس ڈیٹا کے مطابق تلنگانہ پولیس نے جنوری 2019 تک جملہ 2,75,528 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جو ملک کے مختلف حصوں میں نصب کئے گئے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کا 64 فیصد ہے ۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی میں صرف 5332 کیمرے ہیں ۔ ان سے ریاست میں پولیس کو نہ صرف جرائم کا تدارک کرنے میں مدد ہوئی بلکہ کئی سنسنی خیز کیسیس میں ملزمین کو گرفتار کرنے میں بھی مدد ہوئی ہے ۔ جنوری 2019 تک پورے ملک میں جملہ 4,27,529 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے جس میں صرف ریاست تلنگانہ میں 2,75,528 کیمرے لگائے گئے ۔ ٹامل ناڈو حالانکہ رقبہ اور آبادی کے لحاظ سے تلنگانہ سے بڑی ریاست ہے ۔ 40,112 سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ دوسری بڑی ریاست جیسے مہاراشٹرا میں 39,587 کیمرے ہیں ۔ مدھیہ پردیش میں 21,206 اور آندھرا پردیش میں 14,770 سی سی ٹی وی کیمرے ہیں ۔ تاہم تلنگانہ دیگر پہلوؤں کے معاملہ میںکئی ریاستوں سے پیچھے ہے ۔ اسنفر اینڈ ٹرئیکر ڈاگس کو ٹریننگ دینے کے لیے معین آباد میں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ انٹلی جینس انٹگریٹیڈ ٹریننگ اکیڈیمی رکھنے کے باوجود تلنگانہ میں صرف 56 اسنفرڈاگس اور 152 ٹرئیکر ڈاگس ہیں ۔۔