نئی دہلی: واٹس ایپ نے آج کہا ہے کہ وہ ہندوستان میں اپنی پیمنٹ ( ادائیگی ) خدمات کا آغاز کررہا ہے ۔ اس کیلئے نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا ( این پی سی آئی ) سے اسے منظوری حاصل ہوگئی ہے ۔2018 میں فیس بک کی ملکیت والے ادارہ واٹس ایپ نے اپنے یو پی آئی سے کام کرنے والی پیمنٹ خدمات کا ہندوستان میں تجربہ کیا تھا ۔ اس سرویس کے ذریعہ واٹس ایپ کے صارفین رقومات منتقلی کی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ یہ تجربہ دس لاکھ افراد تک محدود رکھا گیا تھا کیونکہ اسے سرکاری منظوری کا انتظار تھا ۔ جمعرات کو این پی سی آئی نے واٹس ایپ کو اپنی پیمنٹس خدمات ملک میں بتدریج شروع کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ ابتداء میں 20 ملین واٹس ایپ صارفین اس سہولت سے استفادہ کر پائیں گے ۔ واٹس ایپ نے اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ آج سے ہندوستان بھرم یں لوگ واٹس ایپ کے ذریعہ رقم منتقل کرسکتے ہیں۔ اس سرویس سے رقومات کی منتقلی او ر حصول آسان ہوجائیگا ۔ عوام محفوظ انداز میں کسی بھی فرد خاندان کو رقم منتقل کرسکتے ہیں یا پھر کسی بھی شئے کی قیمت ادا کرسکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پیمنٹ نظام محفوظ انداز میں تیار کیا گیا ہے ۔