دوبئی ۔ ہندوستان میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انتعقاد کے سلسلہ میں آئی سی سی بورڈ کا یکم جون کو اجلاس ہونے والا ہے جس میں امید ہے کہ ہندوستان کی میزبانی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا کیونکہ عالمی ایونٹ کے انعقاد میں اب صرف 6 ماہ سے بھی کم کا وقفہ باقی ہے اور میزبان ملک اس وقت کورونا کی دوسری لہر سے بری طرح متاثر ہے جس کی وجہ سے اسے آئی پی ایل کو بھی ملتوی کرنا پڑا ہے۔ ہندوستان میں اپریل سے کورونا کے معاملات میں مسلسل اضافے کے علاوہ اموات میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کے لئے جہاں آئی سی سی یکم جون کو اپنا اجلاس منعقد کررہا ہے وہیں 29 مئی کو بی سی سی آئی بھی اپنے اراکین کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کررہا ہے جس میں آئی پی ایل کے مابقی مقابلوں کے علاوہ ورلڈ کپ کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہمیت کا حامل ہے کہ آئی سی سی نے ہندوستان میں ورلڈ کپ کے منعقد نہ ہونے کی صورت میں متحدہ عرب امارات کو متبادل میزبان کے طور پر رکھا ہوا ہے۔ ورلڈ کپ اگر ہندوستان سے امارات منتقل ہوگیا تو یہ بورڈ کے لئے نقصان دہ فیصلہ ہوگا لہذا بی سی سی آئی میزبانی کے حقوق کو باقی رکھنے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کرے گا۔ پاکستان جس نے 2011 ورلڈ کپ کے میزبانی کے حقوق دہشت گرد حملے کی وجہ سے کھوئے تھے لیکن اس نے کوشش کرتے ہوئے میزبانی کی فیس حاصل کی تھی۔