مفتی نور احمد نور نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ۔ طالبان کی جانب سے بین الاقوامی پذیرائی کی کوششوں میں اہم پیشرفت
نئی دہلی ۔ 13 جنوری ۔ ( ایجنسیز) افغانستان کی طالبان حکومت نے 2021 ء میں اقتدار میں واپسی کے بعد ہندوستان میں اپنا پہلا سینئر عہدیدار مقرر کردیا ہے۔ طالبان وزارت خارجہ کے اعلیٰ افسر مفتی نور احمد نور نے دہلی میں افغان سفارت خانے میں چارج ڈی آفیئر کے طورپر ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ اگرچہ حکومت ہند نے طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا، تاہم اس تقرری کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کا اشارہ قرار دیا جارہا ہے ۔ نئی دہلی اسلام آباد اور کابل کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کے پس منظر میں افغانستان کے ساتھ عملی اور محتاط روابط کو آگے بڑھانے کی کوشش کررہا ہے ۔ افغان سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مفتی نور احمد نور نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ہندوستانی حکام سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ پیر کی شب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پوسٹ میں افغان سفارت خانے نے کہا کہ دونوں فریقوں نے افغانستان اور ہندوستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اگرچہ ہندوستانی حکومت کی جانب سے اس پیشرفت پر کوئی باضابطہ تبصرہ سامنے نہیں آیا، تاہم افغان سفارت خانے نے مفتی نور احمد نور کی بھارتی وزارت خارجہ کے سینئر عہدیدار آنند پرکاش کے ساتھ ایک تصویر بھی جاری کی ہے ۔ طالبان کی سخت گیر اسلامی تشریح اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندو قوم پرست حکومت بظاہر ایک دوسرے سے مختلف راستوں پر نظر آتی ہیں ، لیکن اس کے باوجود ہندوستان اس موقع کو اپنے سفارتی مفادات کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ واضح رہے کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مئی 2025 میں مختصر مگر شدید جھڑپ ہوئی تھی جو دہائیوں میں دونوں ممالک کے درمیان سب سے سنگین تصادم تصور کی جاتی ہے ۔طالبان کیلئے یہ تقرری غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ وہ عالمی سطح پر اپنی حکومت کو جائز حیثیت دلانے کیلئے بیرون ملک افغان سفارتی مشنز پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی تناظر میں گزشتہ اکتوبر میں ہندوستان نے اعلان کیا تھا کہ وہ افغانستان میں اپنے تکنیکی مشن کو مکمل سفارت خانے میں تبدیل کریگا۔ فی الحال روس واحد ملک ہے جس نے باضابطہ طور پر افغان طالبان حکومت کو تسلیم کیا ہے جبکہ دیگر ممالک محتاط اور عملی روابط تک خود کو محدود رکھے ہوئے ہیں۔
