جاری کردہ ویزے بھی معطل ، بیرونی شہریوں کی اسکریننگ
نئی دہلی ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں کوروناوائرس سے متاثرین کی تعداد 29 ہوگئی ہے جن میں راجستھان کے راستے داخل ہونے والے اٹلی کے 16 شہری بھی شامل ہیں۔ حکومت نے کہا کہ تمام بین الاقوامی مسافرین کی ایرپورٹ پر اسکریننگ کی جائے گی۔ سانس لینے میں تکلیف کی شکایت تشویشناک حد تک بڑھ رہی ہے۔ حکومت نے 4 ممالک سے آنے والے شہریوں کے ویزے معطل کردیئے ہیں۔ جنوبی کوریا، ایران، اٹلی اور جاپان کے شہریوں پر ہندوستان میں داخلہ پر پابندی عائد کی ہے۔ وزارت شہری ہوابازی نے کہا کہ اس نے تمام ایرپورٹس کے حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ 3 مارچ تک جاری کردہ ویزوں کو معطل کردیا گیا ہے۔ چین سے آنے والے شہریوں کے ویزا کو 5 فبروری سے ہی معطل کیا جاچکا ہے۔ حکومت نے سفری احتیاط برتنے کیلئے تازہ مشورے جاری کئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا اور عوام سے کہا کہ وہ پریشان نہ ہوں۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہا کہ کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے ان کی حکومت نے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ماسک کی کوئی قلت نہیں ہے۔ ایل ایم جے پی دواخانہ میں کورونا وائرس کے ٹسٹ کا لیاب قائم کیا جائے گا۔