کمپنی تباہ کن معاشی صورتحال کا شکار ، محصولات اور ادائیگیوں سے بحران
حیدرآباد۔13نومبر(سیاست نیوز) ہندستان میں ووڈافون خدمات تباہ کن معاشی صورتحال کا شکار بنی ہوئی ہے اور اس صورتحال سے کمپنی کو نکالنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ہندستان میں ووڈا فون آئیڈیا سیلولر کے اشتراک کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہے اور کمپنی کے صارفین کی تعداد 300ملین سے زیادہ ہے جو کہ جملہ صارفین کا 35فیصد ہے لیکن اس کے باوجود کمپنی کا جو معاشی ابتری کا سامنا ہے اس پر کمپنی سمجھوتہ کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔کمپنی کے سی ای او مسٹر نک ریڈ نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے جو 28ہزار 309 کروڑ ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اس کے بعد کمپنی کی حالت مزید ابتر ہوتی جا رہی ہے اور کسی بھی وقت ہندستان میں ووڈا فون کمپنی دیوالیہ ہوسکتی ہے۔ انہو ںنے واضح کیا کہ کمپنی دنیا کے دیگر ممالک میں منفع بخش ہے لیکن ہندستان میں بے تحاشہ محصولات اور ادائیگیوں کے سبب کمپنی معاشی بحران کا شکار ہے۔ مسٹر نک ریڈ کے مطابق کمپنی کے ماہرین معاشیات کی جانب سے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جب ان کی رپورٹ تیار ہوگی اس کے بعد ہی کمپنی کے مستقبل کے متعلق قطعی فیصلہ کیا جائے گا کیونکہ کمپنی اس موقف میں تو نہیں ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی جانب سے دیئے گئے احکام کے مطابق 28 ہزار 309 کروڑ ادا کئے جائیں۔ انہو ںنے بتایا کہ کمپنی نے معاشی ماہرین کے علاوہ حکومت ہند کی نئی پالیسی کے انتظار کا فیصلہ کیا ہے اگر حکومت کی جانب سے پالیسی میں تبدیلی لاتے ہوئے کوئی موقع فراہم کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں کمپنی کی بقاء ممکن ہے بصورت دیگر کمپنی دیوالیہ کا اعلان کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کرپائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت ہند نے نئی ٹیلی کام پالیسی کی تیاری کے علاوہ اسپکٹرم کی قیمتوں کے تعین کے سلسلہ میں جو اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کا ملک میں خدمات انجام دینے والی کئی کمپنیوں کی جانب سے انتظار کیا جا رہاہے کیونکہ جو کمپنیاں ملک میں موجود ہیں ان میں مسابقت تیز ہونے لگی ہے اور اس مسابقتی دوڑ میں ہندستان کی مخصوص کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی قیمتوں اور انٹرنیٹ کی رفتار کا مقابلہ بیرونی کمپنیوں کے بس کی بات نہیں ہے اور جن کمپنیوں کی جانب سے یہ کیا جا رہا ہے ان کمپنیوں کو مرکزی حکومت کی مراعات اور سہولتیں حاصل ہیں۔