دہلی میں 100 سے زیادہ کیسز‘ عوام کو ہجوم والے مقام سے گریز کا مشورہ
نئی دہلی ۔26؍مئی ( ایجنسیز ) ملک میں کورونا کے کیسس میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ دہلی میں ایک بار پھر کورونا کے معاملوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں حال میں کورونا کے 104 فعال معاملے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے میں 99 نئے معاملے سامنے آنے سے صحت انتظامیہ اور شہریوں میں فکر مندی بڑھ گئی ہے۔ وہیں اب پورے ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق کورونا کے سب سے زیادہ معاملے کیرالہ میں 430 ہیں۔ اس کے بعد مہاراشٹر کا نمبر آتا ہے جہاں 209 جبکہ دہلی میں 104 فعال کیسز ہیں۔ وہیں کرناٹک میں 34 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں فعال معاملوں کی تعداد 47 ہو گئی ہے۔محکمہ صحت نے بتایا کہ گجرات میں 76 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں۔ اب ریاست میں فعال معاملوں کی تعداد 83 ہو گئی ہے تو ہریانہ میں 8 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ راجستھان میں 11 نئے معاملے سامنے آئے ہیں ۔ مغربی بنگال میںکورونا کے 11 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ پڈوچیری میں کورونا کا ایک مریض صحت یاب ہوکر گھر چلا گیا ہے۔ ساتھ ہی سکم میں بھی ایک مریض کی صحت یابی ہوئی ہے، جس کے بعد یہاں فعال معاملوں کی تعداد صفر ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ کئی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے جیسے انڈمان اور نکوبار، آسام، بہار وغیرہ میں بھی کوئی فعال معاملے نہیں ہیں۔ایک افسر نے بتایا کہ صحت محکمہ کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں پر گہری نگاہ رکھ رہا ہے۔ ساتھ ہی اس سے پہلے دہلی کے محکمہ صحت نے کورونا کو لے کر ایک ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں لوگوں کو بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر نہ جانے کی صلاح دی گئی تھی۔