مدھیہ پردیش ، مہاراشٹرا اور کیرالا میں مریضوں کی توثیق ، شہریوں کو محفوظ رکھنے احتیاط میں سختی کی ضرورت
حیدرآباد۔ ہندستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا پلس حکومت ہند کیلئے درد سر ثابت ہونے لگی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے مدھیہ پردیش ‘ مہاراشٹرا کے علاوہ کیرالہ کی ریاستی حکومتوں کو ڈیلٹا پلس کے مریضوں کی توثیق کے ساتھ ہی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ وہ احتیاط کو مزید سخت کردیں اور وائرس سے محفوظ رہنے اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کو تیز کردیں تاکہ کورونا وائرس کی اس نئی قسم کو تیزی سے پھیلنے سے روکا جاسکے۔ ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا پلس زیادہ شدید اور تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ہے اور اس لہر پر قابو پانے کیلئے اقدامات کو مزید سخت کئے جانے کی ضرورت ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 4 اقسام کے متعلق کافی بحث کی جا رہی ہے اور انہیں جو نام دیئے گئے ہیں ان میں الفا‘ بیٹا‘ گاما ‘ ڈیلٹا شامل تھے اور اب ڈیلٹا پلس کا اضافہ ہوچکا ہے۔ برطانیہ میں پائی جانے والی قسم کو الفا نام دیا گیا تھا جبکہ ساؤتھ افریقہ میں جس قسم کی شناخت کی گئی تھی اسے ’’بیٹا‘‘ کا نام دیا گیا ہے اسی طرح برازیل میںکوروناو ائرس کی جس قسم کی نشاندہی کی گئی ہے اسے ’’گاما‘ ‘ نام دیا گیا ہے اور ہندستان میں پائی جانے والی قسم کو ڈیلٹا نام دیا گیا تھا اور اب جبکہ دوسری لہر کے دوران دہشت مچانے والے ڈیلٹا کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے ایسے میں ہندستان کی مختلف ریاستوں میں ڈیلٹا پلس کے مریضوں کی نشاندہی کی جانے لگی ہے اور ماہرین کا کہناہے کہ ڈیلٹا پلس جو کورونا وائرس کی ہی ایک قسم ہے اس کی شدت زیادہ ہوسکتی ہے اور ہندستان بھر میں شہریوں کو بڑی تعداد میں متاثر کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔ کورونا وائرس کی یہ قسم ڈیلٹا پلس صرف ہندستانی ریاستوں میں نہیں بلکہ دنیا کے مزید 8 ممالک میں دیکھی گئی ہے اور ان 8ممالک میں کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا پلس کے متاثرین کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ جن ممالک میں ڈیلٹا پلس کے متاثرین پائے گئے ہیں ان میں امریکہ‘ برطانیہ ‘ جاپان‘ پرتگال‘ سوئیزرلینڈ‘ پولینڈ ‘ چین کے علاوہ روس شامل ہیں۔کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کام کرنے والے سائنسدانوں کا کہناہے کہ اسے اگر فوری اثر کے ساتھ نہیں روکا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں اور ملک بھر میں کئی لوگ اس کا شکارہونے کا خدشہ ہے اور کورونا وائرس کی یہ نئی قسم ملک میں تیسری لہر کا سبب بن سکتی ہے۔ ہندستان میں ڈیلٹا پلس کے متاثرین اب تک 22 پائے جاچکے ہیں جن کی توثیق ہوئی ہے ان میں 16 مہاراشٹرا کے رتناگری اور جلگاؤں سے تعلق رکھنے والے 16ہیں جبکہ کیرالہ کے اضلاع پلکڑ اور پٹانامتھیتھا میں ایک ایک مریض کی نشاندہی کی گئی ہے اسی طرح مدھیہ پردیش میں بھوپال اور شیوپوری میں بھی ایک ایک مریض کی نشاندہی کی گئی ہے۔