ہندوستان میں کورونا ویکسین لگانے کا آج ریہرسل

,

   

کئی ریاستوں میں 9 مہینے کے طویل وقفہ بعد اسکولس کھول دیئے گئے

نئی دہلی : ہندوستان بھر میں کوویڈ۔19 ٹیکہ اندازی کیلئے ’ڈرائی رن‘ یا ریہرسل کا ہفتہ 2 جنوری کو انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ مرکز نے گذشتہ روز اعلان کردیا تھا کہ اس ضمن میں تمام ریاستوں کو مرکزی علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ ٹیکہ اندازی کے ریہرسل کے تحت منصوبہ بندی اور عمل آوری کے درمیان ربط و ضبط کو جانچا جائے گا اور اس پورے عمل کے دوران ممکنہ چیلنجوں کی شناخت کی جائے گی۔ دریں اثناء کوروناوائرس کی وبا کے درمیان کئی ریاستوں نے اسکولس کھولنے کا بھی اعلان کردیا ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں جو ٹھپ ہوچکی ہیں، ان کو آگے بڑھایا جائے۔ اترپردیش، پنجاب، مدھیہ پردیش، آندھراپردیش، سکم اور راجستھان میں پہلے ہی کئی اسکولس جزوی طور پر کھل چکے ہیں لیکن اب نئے سال میں ان ریاستوں میں تعلیمی سرگرمیاں بڑھائی جائیں گی اور ریاستی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کو احتیاط کے ساتھ تدریسی سرگرمی کا احیاء کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ کیرالا، کرناٹک اور آسام میں بھی اسکولوں کو نئے سال میں کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت تھرواننتاپورم میں جمعہ کو اسکولس جزوی طور پر کھول دیئے گئے۔ 9 مہینے کے طویل عرصہ کے بعد بچے اسکول آئے۔ انتظامیہ کو ہدایات دی گئی ہیکہ کورونا کے پس منظر میں تمام تر احتیاطی اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ کرناٹک میں دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ طلبہ نے اسے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ آن لائن ایجوکیشن ان کیلئے بڑا مسئلہ رہا اور وہ بہت کم سمجھ پا رہے تھے۔ کوروناویکسین ریہرسل میں متعلقہ میڈیکل آفیسر انچارج کو ذمہ داری دی جائے گی کہ وہ 25 افراد (ہیلت کیر ورکرس) کی نشاندہی کرے جنہیں ٹیکہ دیا جائے گا۔