ایک دن میں 13.5 ہزار متاثر
نئی دہلی ۔19جون ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسیز کے باعث تشویش تو ہیں ہی لیکن جمعہ کے روز 13,586 متاثرین کی صرف ایک ہی دن میں بڑھی ہوئی تعداد نے ہر خاص و عام کوفکرمند کردیا ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں اتنے زیادہ پوزیٹیو کیسیز پہلی بار سامنے آئے ہیں ۔ اس طرح ہندوستان میں اب مجموعی طور پر کورونا متاثرین کی تعداد 3,80,532 ہوگئی ہے ۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی اُمور کی جانب سے جاری کئے گئے ایک ڈیٹا میں یہ بات کہی گئی جس کے مطابق گذشتہ 8دنوں سے ہندوستان میں ہر روز 10ہزار کیسیس سامنے آرہے تھے لیکن تیرہ ہزار سے تجاوز کرجانا باعث تشویش ہے ۔ وزارت کے مطابق 30جنوری سے اب تک کورونا مہلوکین کی تعداد 12,573 ہوگئی ہے جبکہ صرف گذشتہ 24 گھنٹوں میں 336 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔اگر دیگر ریاستو ں کی بات کی جائے تو مہاراشٹرا ہنوز سرفہرست ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 5751 اور متاثرین کی تعداد 1,20,504 ہوچکی ہے ۔