ہندوستان میں کورونا کے کیس 54,000 سے قریب ، 1783 اموات

,

   

ٹاملناڈو میں 580 نئے کیس ، ملک بھر میں 4500 نئے مریضوں کا اضافہ ، تاحال 15000 صحت یاب
نئی دہلی ، 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسیس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4500نئے کیسیس سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 54 ہزار سے قریب ہوچکی ہے اور اسی دوران 89 مریضوں کی ہلاکت کے بعد اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1783 ہو گئی ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے اب تک تقریباً 54,000 کیسیس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض شامل ہیں ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے متاثر 1084 افراد کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی صحت یا ب ہونے والوں کی تعداد 15267 تک پہنچ گئی ہے ۔مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق کورو نا وائرس کا قہر ملک کی 33 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔ کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر میں صورتحال مسلسل تشویشناک بنی ہوئی ہے اور گزشتہ ایک دن میں ایک ہزار سے زائد 1233 نئے کیسز کے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد 16758 تک پہنچ گئی ہے اور اس دوران مزید 34 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 651 ہو گئی ہے ۔ وہیں ریاست میں 3094 مریض صحتیا ب بھی ہو چکے ہیں ۔گجرات گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 380 نئے کیسیس سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام ہے ۔ گجرات میں متاثرین کی مجموعی تعداد 6625 ہو گئی ہے اور مزید 28 افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 396 تک پہنچ گئی ہے اور 1500 افراد صحتیا ب ہوکر اسپتال سے گھر واپس لوٹ گئے ہیں ۔ ٹاملناڈو ، مغربی بنگال ، اترپردیش ، آندھراپردیش اور راجستھان اور دیگر ریاستوں میں سب سے زیادہ کووڈ۔19 کے معاملے سامنے آئے ہیں ۔ تنہا ٹاملناڈو میں جمعرات کو تقریباً 580 نئے کیس درج کئے گئے ۔ ممبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ میں تعینات 55 سالہ سی آئی ایس ایف ہیڈکانسٹبل کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ۔ جبکہ 2 بی ایس ایف پرسونل بھی فوت ہوگئے ۔ بی ایس ایف نے اس انفیکشن کے 41 نئے کیس درج کئے ہیں جس کے ساتھ بی ایس ایف میں 193 مصدقہ کیس ہوگئے ۔ کووڈ۔ 19 سے لڑنے والے طبی حکام میں بھی روز بروز پازیٹیو معاملوں کا اضافہ ہورہا ہے ۔