حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) ہندوستان میں بڑھتے ہوئے ہجومی تشدد کے واقعات کے خلاف امریکہ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے 29 جون ہفتہ کو احتجاج منظم کیا جارہا ہے۔ ہفتے کی شام 6 بجے ہارورڈ اسکوائر پر ’’ہجومی تشدد روکو‘‘ کے عنوان سے احتجاج کیا جائے گا۔ حال ہی میں جھارکھنڈ میں تبریز انصاری نامی نوجوان کی ہلاکت کے خلاف امریکہ کے مختلف شہروں میں احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تبریز کے قاتلوں کو سزاء دلانے کے علاوہ ہندوستان میں ہندوتوا دہشت گردی کو روکتے ہوئے ملک کو بچانے کے مقصد سے یہ احتجاج منظم کیا جارہا ہے۔ امریکہ کے مختلف شہروں میں اس سلسلہ میں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے مہم چلائی جارہی ہے۔ احتجاج کے منتظمین کا کہنا ہے کہ مسلمانوں، دلتوں اور دیگر اقلیتی طبقات کے خلاف ہجومی تشدد کو روکنے کے لیے بین الاقوامی تحریک کی ضرورت ہے۔ ہندوستان کی حکومت پر دبائو بنانے کے لیے مختلف تنظیمیں متحرک ہوچکی ہیں۔ اسی دوران این ڈی ٹی وی کے رویش کمار نے سوشل میڈیا پر اپنے پیام میں تبریز کی ہلاکت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعات اور عرس کے موقع پر جس طرح لاکھوں افراد جمع ہوتے ہیں اسی طرح دہلی کی سڑکوں پر لنچنگ کے خلاف بھی عوام کو جمع کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ ہجومی تشدد کے واقعات کی دنیا کے مختلف گوشوں سے مذمت کی جارہی ہے۔ امریکی حکومت کے علاوہ وہاں کی مختلف تنظیموں نے اپنی رپورٹ میں ہندوستان میں مذہب کے نام پر نفرت کے واقعات میں اضافہ کی مذمت کی ہے۔ ہندوستان نے گزشتہ 5 برسوں کے دوران فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافے کے خلاف امریکہ میں مقیم ہندوستانی عوام بارہا احتجاج منظم کرچکے ہیں۔