ہندوستان میں 19 ملین سے زائد بیرونی سیاحوں کی آمد

   

مہاراشٹرا سرفہرست، گجرات اور مغربی بنگال دوسرے اور تیسرے نمبر پر
حیدرآباد۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) ہندوستان میں بیرونی سیاحوں کی آمد میں ہر سال اضافہ درج کیا جارہا ہے۔ ملک کے 10 ایسی ریاستوں کی نشاندہی کی گئی جہاں بیرونی سیاح تفریحی سرگرمیوں کو ترجیح دیتے ہیں ان میں مہاراشٹرا سرفہرست ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں 19.24 ملین بیرونی سیاحوں نے ہندوستان کا دورہ کیا۔ مہاراشٹرا 17.6 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ گجرات 14.58 فیصد اور مغربی بنگال 14.06 فیصد بیرونی سیاحوں کی آمد کے معاملہ میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہا۔ دارالحکومت دہلی میں 9.5 فیصد اور اترپردیش میں 8.32 فیصد بیرونی سیاحوں نے سفر کو ترجیح دی ہے۔ دیگر ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں بھی بیرونی سیاحوں نے تفریحی سرگرمیوں کے تحت دورہ کیا ہے۔ امن و ضبط کی صورتحال اور دیگر وجوہات کے سبب جموں و کشمیر اور لداخ میں بیرونی سیاحوں کی تعداد کم دیکھی گئی۔ ٹاملناڈو میں 6.1 فیصد، راجستھان 8.83 فیصد، بہار 2.84 فیصد اور کرناٹک میں 2.13 فیصد بیرونی سیاحوں نے دورہ کیا۔ کیرالا میں بیرونی سیاحوں کی آمد 3.37 فیصد درج کی گئی جبکہ آندھرا پردیش میں یہ تعداد 0.31 فیصد اور تلنگانہ میں 0.84 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران بیرونی سیاحوں کی آمد میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ہندوستان میں تاریخی اور تفریحی مقامات کے علاوہ قیام اور طعام کی بہتر سہولتیں اور کم خرچ کے ذریعہ بہتر خدمات کے نتیجہ میں بیرونی سیاح ہندوستان کے دورہ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ 1