نئی دہلی: ہندوستان میں کوروناانفیکشن کی رفتار تھمتی ہوئی نظر نہیں آرہی ہے۔ ابھی یومیہ 25 ہزار کورونا کے نئے کیسیس سامنے آرہے ہیں مگر تشویشناک پہلو یہ ہیکہ ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق آئندہ دنوں میں اس اعدادوشمار میں 11 سے 12 گنا زیادہ اضافہ ہونے کے امکانات ہیں۔ میساچوسیٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے تین محققین کا کہنا ہیکہ اگر کوویڈ۔19 کی وباء کے علاج کا ویکسن نہیں ملا تو ہندوستان میں آئندہ سال کی سردیوں میں یومیہ تقریباً 2.87 لاکھ نئے معاملے سامنے آسکتے ہیں۔ محققین نے انتباہ دیا ہیکہ کوویڈ۔19 ویکسن یا دواؤں کی ناکافی کے باعث ہندوستان میں 2021ء کی سردیوں کے موسم میں کوروناوائرس کے یومیہ 2.87 لاکھ معاملے درج ہوسکتے ہیں۔ ایم آئی ٹی کے سلون اسکول آف مینجمنٹ کے محقق حاضر رحمن داد ، ٹی وائی مل اور جان اسٹرمین کئے گئے اس تحقیق کے مطابق دنیا میں 2021ء میں بسنت کے موسم تک 24.9 کروڑ معاملہ اور 18 لاکھ اموات ہوسکتی ہیں۔ تحقیق کرنے والوں نے واضح طور پر کہا ہیکہ یہ ممکنہ اعدادوشمار ویکسن کی کھوج نہیں ہونے اور علاج کی عدم دستیابی کو مدنظر رکھ کر پیش کیا گیا ہے۔