ہندوستان میں 580,000سرجریزکورونا کی نذرہونے کا اندیشہ

   

لندن ۔ /15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وباء کورونا وائرس کے مختلف زاویوں سے نقصانات روز بروز ظاہر ہورہے ہیں ۔ اس میں ایک اور اضافہ زائد از 580,000 طئے شدہ سرجریز کا ہوسکتا ہے جو ہندوستان میں کووڈ۔19بحران کی وجہ سے منسوخ یا تاخیر کرنا پڑے گا ۔ انٹرنیشنل ادارے نے تحقیقی جائزہ پیش کیا جسے برٹش جرنل آف سرجری میں شائع کیا گیا ہے ۔ جائزہ میں بتایا گیا ہے کہ 12 ہفتے کی مدت میں کووڈ۔19 کے سبب جس طرح دواخانوں کی خدمات میں خلل پڑا ہے ، اس سے دنیا بھر میں 28.4ملین مقررہ سرجریز منسوخ کی جائیں گی یا پھر 2020ء کی کسی تاریخ کیلئے ان کو ملتوی کرنا پڑے گا ۔ اس کے نتیجہ میں مریضوں کو اپنی صحت کے مسائل کیلئے طویل انتظار کا سامنا رہے گا ۔ 120 ممالک سے تعلق رکھنے والے 5ہزار سے زیادہ سرجنوں نے کورونا وائرس کے جراحی اثرات کا جائزہ لیا ہے ۔ اس جائزہ میں حصہ لینے والے ارکان کا تعلق برطانیہ ، گھانا ، انڈیا ، اٹلی ، میکسیکو ، اسپین ، امریکہ اور بعض آفریقی ممالک سے ہے ۔ جس طرح کے نمونے حاصل کرتے ہوئے تحقیقی جائزہ کیا گیا اس سے انکشاف ہوا کہ مزید 2.4 ملین سرجریز منسوخ کی جاسکتی ہیں ۔ اس سلسلہ میں دنیا بھر کے 71 ممالک کے 359دواخانوں کا جائزہ لیا گیا۔