کراچی 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے اگر بی سی سی آئی رواں برس ایشیاء کپ ٹی 20 ٹورنمنٹ کے لئے اپنی ٹیم پاکستان روانہ نہ کرے گا تو پاکستان بھی اپنی ٹیم 2021 ء کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے ہندوستان روانہ نہیں کرے گا۔ لاہور میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان ایشیاء کپ کے لئے اپنی ٹیم روانہ نہیں کرے گا تو ہم بھی وہاں ورلڈکپ میں اپنی ٹیم کی شرکت کو یقینی نہیں بنائیں گے۔ اُنھوں نے مزید کہا ہے کہ ہمیں ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے میزبانی کے حقوق دیئے گئے ہیں اور ہم ان حقوق کو کسی اور کے سپرد کرنے کے مجاز نہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کے ساتھ کشیدہ تعلقات کی وجہ سے ہم نے ایشیاء کپ کی میزبانی میں مقامات کی تبدیلی پر غور کرنا شروع کیا ہے۔ یاد رہے ہندوستان نے پاکستان کا 2008 ء کے بعد کوئی دورہ نہیں کیا ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ 2007 ء سے کوئی باہمی سیریز بھی نہیں ہوئی ہے حالانکہ کشیدہ حالات کے دوران پاکستان نے 2012 ء میں محدود اوورس کی کرکٹ کے لئے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ ماہرین کے بموجب پاکستان کی ایشیاء کپ میں میزبانی کی سب سے بڑی رکاوٹ ہندوستان کی شرکت ہے۔
