ہندوستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 130 رنز سے شکست دی

   

اندور۔16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) محمد سمیع (31 رن پر4 وکٹ) اور آف اسپنر روی چندرن اشون (42 رنز پر تین وکٹ) کی بہترین بولنگ کی بدولت ہندوستان نے بنگلہ دیش کو پہلے کرکٹ ٹسٹ کے تیسرے ہی دن اننگز اور130 رنوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز تیسرے دن چھ وکٹ پر493 رنز پر ختم کر دی تھی ۔ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز کے مقابلے دوسری اننگز میں کچھ بہترکارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن پوری ٹیم دن کے آخری سیشن میں69.2 اوور میں213 رنز پر سمٹ گئی۔ ہندوستان کی کامیابی میں بولروں کا اہم تعاون رہا۔ سمیع نے31 رنز پر چار وکٹ لے کر میچ میں سات وکٹ مکمل کئے ۔ اشون نے42 رنز پر تین وکٹ لے کر میچ میں پانچ وکٹ حاصل کئے ۔ امیش یادو نے51 رنز پر دو وکٹ لے کر میچ میں چار وکٹ حاصل کئے جبکہ ایشانت شرما کو31 رنز پر ایک وکٹ ملا۔ بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں مشفق الرحیم نے یک طرفہ جدوجہد کرتے ہوئے150 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے64 رنز بنائے جبکہ لٹن داس نے35 اورمہدی حسن نے38 رنز بنائے ۔ ہندوستان کو اس میچ سے 60 نشانات حاصل ہوئے اور اب اس کے ٹسٹ چمپئن شپ میں300 نشانات ہو گئے ہیں۔