نئی دہلی ۔ ہندوستان نے اس سال کے آخر میں پیرس اولمپکس کے لیے تیر اندازی میں مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے مقابلوں میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔ پیرکو ورلڈ آرچری کی جانب سے ٹیم رینکنگ کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد اہلیت کی تصدیق ہوگئی ہے۔ کوالیفائرز میں کامیابی حاصل نہ کرنے کے بعد ہندوستان اپنے کوٹے پر مہر لگانے کے لیے نان کوالیفائیڈ ممالک میں درجہ بندی میں سرفہرست ہے۔ ہندوستان پیرس میں تمام پانچ میڈلس کے مقابلوں میں حصہ لینے کا اہل ہو گا جوکہ مردوں اور خواتین کی ٹیموں، انفرادی اور مسکڈ زمروں میں ہندوستان کو حاصل ہوسکتی ہیں۔ مردوں کے ٹیم ایونٹ میں ہندوستان اور چین نے مقام حاصل کیا ہے جبکہ خواتین کے حصے میں انڈونیشیا ہندوستان کے علاوہ کوٹہ حاصل کرنے والا دوسرا ملک تھا۔ مردوں اور خواتین کے ٹیم ایونٹس میں 12 ممالک ہوں گے جبکہ مکسڈ ایونٹ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پہلی بار تھری لیگ کوالیفائر کے بعد ٹاپ ٹو ممالک کو ٹیم کوٹہ پیش کیا جاتا ہے۔ پہلا اولمپک کوالیفائر گزشتہ سال برلن میں ورلڈ آرچری چمپئن شپ میں منعقد ہوا تھا۔ وہیں جنوبی کوریا، ترکی اور جاپان نے مردوں کے زمرے میں کوالیفائی کیا جبکہ خواتین کے زمرے میں جرمنی اور میکسیکو نے جگہ حاصل کی۔ دوسرا مرحلہ براعظمی کوالیفائر تھا۔ قازقستان اور جنوبی کوریا نے بالترتیب ایشیا سے مردوں اور خواتین کی ٹیم کا کوٹہ حاصل کیا، جب کہ کولمبیا اور ریاستہائے متحدہ نے پین امریکہ سے مقام حاصل کیا۔ یورپی لیگ سے اٹلی (مرد) اور ہالینڈ (خواتین) نے کوٹہ حاصل کیا۔