ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دی کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی امید برقرار

   

ٹوکیو ، 31 جولائی (یو این آئی) وندنا کٹاریہ کی گول ہیٹ ٹرک کی بدولت ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے یہاں جمعہ کے روز جنوبی افریقہ کو پول اے کے اپنے آخری لیگ میچ میں 3-4 سے شکست دے کر چوتھے مقام پر رہتے ہوئے اپنی کوارٹرفائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو برقرار رکھا۔وندنا کٹاریہ اوای ہاکی اسٹیڈیم میں گول کی ہیٹ ٹرک کرنے والی پہلی ہندوستانی خواتین ہاکی کھلاڑی بنیں۔ وندنا نے چوتھے ، 17 ویں اور 49 ویں منٹ میں گول کیا۔ ان کے علاوہ نیہا نے 32 ویں منٹ میں ٹیم کے لئے ایک گول کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیرن گلاسبی نے 15 ویں منٹ میں ، کپتان ایرن ہنٹر نے 30 ویں اور ماریزن ماریس نے 39 ویں منٹ میں گول کیا۔اس جیت کے ساتھ ، ہندوستان کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی امیدیں ابھی آئرلینڈ اور برطانیہ کے درمیان پول اے کے کھیلے جانے والے میچ پر ٹکی ہیں ۔ ہندوستان کے کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لئے یا تو آئرلینڈ کا گریٹ برطانیہ کے خلاف ہارنا لازمی یا میچ ڈرا ہونا، حالانکہ اگر آئرلینڈ جیت جاتا ہے اور ہندوستان کے برابر چھ پوائنٹ پر پہنچ جائے تو یہاں پھر بھی ہندوستان گول کے فرق سے چوتھے نمبر پر رہ سکتا ہے ۔ .اس جیت کے ساتھ ہندوستان پول اے میں چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ نیدرلینڈ اور جرمنی12- 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں اورگریٹ برطانیہ چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ، حالانکہ اس کا ایک میچ باقی ہے ۔ دوسری جانب آئرلینڈ تین پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور جنوبی افریقہ اپنے تمام میچ ہارنے کے بعد آخری مقام پر ہے ۔