موہالی ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویراٹ کوہلی کے نا ٹ آوٹ 72 رنز کی کپتانی بیٹنگ سے ہندستان نے جنوبی افریقہ کودوسرے ٹوئنٹی20مقابلے میں سات وکٹ سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 0-1کی سبقت بنالی ہے سیریز کا پہلا میچ دھرم شالہ میں بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا۔ کوہلی نے دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی بولروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو20 اوورمیں پانچ وکٹ پر149پر روک دیا۔ ہندوستان نے اپنے کپتان ویراٹ کی شاندار نصف سنچری اننگز کی بدولت 19اوور میں تین وکٹ پر 151رن بناکر ہندستانی مداحوں کو جشن منانے کا موقع دے دیا۔ کوہلی نے 52 گیندوں میں چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 72رن کی میچ جیتانے والی اننگز کھیلی۔ کوہلی کو اس اننگز کے لئے مین آ ف دی میچ کا انعام ملا۔ روہت شرما (12)کا وکٹ جلدی گرجانے کے بعد کوہلی اور شکھر دھون نے دوسری وکٹ کے لئے61 رن کی شراکت کی۔ روہت نے 12گیندوں پر 12رن میں دو چھکے لگائے۔شکھر 31 گیندوں میں چار چوکوں او ر ایک چھکے کی مدد سے 40 رن بناکر آوٹ ہوئے۔ ہندستان کا پہلا وکٹ 31 رن پر اور دوسرا وکٹ 94 کے اسکور پر گرا۔ نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ایک اور موقع گنوایا اور وہ پانچ گیندوں میں چار رن بناکر آوٹ ہوئے۔ ہندوستا ن کا تیسرا وکٹ 104کے اسکور پر گرا۔ کوہلی نے پھر شریاس ایئر کے ساتھ ہندستان کو ایک اوور قبل کامیابی کی منزل پر پہنچا دیا۔