نئی دہلی :ہندوستان اس سال جی20 ممالک کی صدارت کرے گا اور اس نے یکم ڈسمبر 2022سے یہ ذمہ داری سنبھال لی ہے ۔ اس کا اعلان پہلے ہی ہوچکا ہے۔ یکم ڈسمبر یعنی آج سرکاری سطح پر ہندوستان نے جی 20 کی صدارت حاصل کرلی ہے۔ اس موقع کو خاص بنانے کے لیے مرکز نے خصوصی تیاریاں کی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ اس موقع پر ملک بھر میں 100 سے زیادہ یادگاروں پر جی20 لوگو کو دکھایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ صدارت حاصل کرنے کے بعد جی 20 چوٹی کانفرنس کے انعقاد تک ملک بھر کے 50 شہروں میں 200 سے زیادہ اجلاس منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ان میں سے کچھ اجلاسوں کی میزبانی کرنے کے لیے ان حصوں کا انتخاب کیا گیا ہے جن کے بارے میں لوگوں کو بہت کم معلومات ہیں۔ ذرائع کے مطابق، اس کے پیچھے وزیر اعظم نریندر مودی کا مقصد ہے کہ سب ہی اضلاع اور بلاک کو جی20 سے جوڑا جائے اور مودی کے ویژن کو عوامی شراکت داری کے ذریعے ہر شخص تک پیغام پہنچایا جائے۔
جی ٹوئنٹی کی صدارت کا اعلان ہونے کے بعد مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جی ٹوئنٹی کے نئے لوگو۔تھیم اور ویب سائٹ کا اجرا عمل میں لایا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ جی ٹوئنٹی کا یہ لوگو صرف ایک علامتی نشان نہیں ہے بلکہ یہ ایک پیغام ہے۔ یہ ایک جذبہ ہے جو ہماری رگوں میں ہے۔ یہ ایک عہد ہے جو ہماری سوچ میں شامل رہا ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یکم دسمبر سے ہندوستان جی20 کی صدارت کرے گا اور یہ ہندوستان کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔